بابر اعظم ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بن گئے

بابر اعظم ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بن گئے

لندن: نوجوان مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے عظیم بلے باز جاوید میاں داد کے پاس تھا جنہوں نے 1992 کے عالمی کپ میں 437 رنز بنائے تھے۔ گزشتہ 27 سال سے کوئی بھی بلے باز اس ریکارڈ کو توڑنے میں ناکام رہا۔

نوجوان بلے باز نے بنگلہ دیش کے خلاف 98 گیندوں پر 96 رنز بناکر میاں داد کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے رواں ورلڈ کپ میں 474 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے ورلڈ کپ 2019 میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہدف کے تعاقب میں ان کی سنچری بابر کے کریئر کی بہترین اننگز تصور کی جاتی ہے۔

میاں داد کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے 1992 کے عالمی کپ میں فتح اپنے نام کی تاہم بابر اعظم کے بارے میں ایسا نہیں کہا جاسکتا۔

پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا میچ کھیل رہا ہے جسے گرین شرٹس کو کم از کم 316 رنز کے مارجن سے جیتنا تھا تاہم ابھی تک کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل تک رسائی کی امید کھودی ہے۔

امکان ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرے گی۔


متعلقہ خبریں