بے خوابی سے نجات دلانے والی 5 غذائیں


انسومنیا یا بے خوابی ایک ایسی کیفیت کو کہتے ہیں جس میں انسان کے لیے سونا بہت دشوار ہوجاتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق دس میں سے ایک امریکی اس کیفیت میں مبتلا ہے۔

گو کہ یہ کوئی جان لیوا بیماری نہیں ہے تاہم اس میں مبتلا افراد کی روز مرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے، اس بیماری میں مبتلا افراد تھکاوٹ، دباؤ اور ڈپریشن میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

چکنائی، کیفین اور میٹھا زیادہ کھانے والے افراد اس بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں تاہم کچھ ایسی غذائیں بھی موجود ہیں جس کے استعمال سے انسومنیا پر قابو پایا جا سکتا ہے اور آپ پر سکون نیند سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

چیری

یہ ذائقہ دار پھل اور اس سے بنائی گئی مصنوعات بے خوابی کے مرض میں مبتلا افراد کے لئے کافی مفید ہے۔

چیری میں میلاٹونین موجود ہوتا ہے جو کہ انسان کی نیند کے دورانیے اور جسم میں موجود قدرتی گھڑی کو معمول پر لاتا ہے۔

اس حوالے سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ چیری کے شربت کا استعمال کرتے ہیں وہ اچھی نیند کا مزہ لیتے ہیں۔

بادام

بے خوابی میں مبتلا افراد بادام کا روزانہ استعمال کریں تو وہ اس بیماری سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بادام میں موجود میگنیزیم تناؤ میں جکڑے پٹھوں کو آرام دیتا ہے جبکہ اعصابی مسائل میں بھی یہ خشک میوہ کافی مفید ہے۔

جو کا دلیہ

جو کا دلیہ مگنیزیم اور پوٹیشیئم سے بھرپور ایک غذا ہے جس کے روازنہ استعمال سے بے خوابی میں مبتلا افراد کو افاقہ ہو سکتا ہے۔

گو کہ اکثر لوگ اسے ناشتے میں استعمال کرتے ہیں، تاہم اس میں موجود کاربوہائڈریٹس، اور فائبر کے باعث اسے دن اور رات کے کھانوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کیلا

کیلے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پھل انسان کو توانائی فراہم کرتا ہے لیکن اس کا صرف یہی فائدہ نہیں۔ کیلے میں موجود پوٹیشیئم، مگنیزیم اور ٹرائپوٹوپین بے خوابی میں مبتلا افراد کو سکون کی نیند فراہم کرنے میں کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔

ولیرین

صدیوں سے یہ پودا مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے استعمال ہوتا آیا ہے اور اس کی جڑوں سے بنائے جانے والی دوا انسومنیا کے تدارک کے لئے بھی کافی مفید ہے۔

زیادہ تر لوگ اس کا قہوہ پیتے ہیں جبکہ اس کی گولیوں کو بھی پانی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں