سینیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، اعظم سواتی



اسلام آباد : وزیر اعظم نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لئے وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی کوٹاسک دے دیا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح حزب اختلاف کو بجٹ کے معاملے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح عدم اعتماد کی تحریک میں بھی انہیں ناکامی ہوگی۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ سینیٹ ممبران کے چہرے بتا رہے ہیں کہ ایوان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور صادق سنجرانی ہی چیئرمین رہیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کے لئے وزیر اعظم نے انہیں جو ٹاسک دیا ہے اس میں کامیاب ہونگے۔

پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے لئے نمبر گیم واضح ہے تاہم جو رکن پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ دے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے منحرف ہونے کی صورت میں خیبر پختونخواہ کے سینیٹرز کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

پروگرام میں شریک ن لیگ کے نائب صدر خرم دستگیر خان نے کہا کہ اگر حکومت کسی رکن کیخلاف منیشات کا کیس بنا کر اور کسی کی وفاداریاں تبدیل کر کے عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کی کوشش کرے گی جو یہ اس کے لئے نقصان دہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں