روہت کی ورلڈ کپ میں پانچویں سنچری، بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی


لیڈز: عالمی کپ 2019 کے 44ویں مقابلے میں بھارت نے سری لنکا کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

لیڈز کے ہیڈنگلے میدان پر سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی چار وکٹیں محض 55 رنز پر گرگئیں تاہم اس موقع پر اینجیلو میتھوز اور تھری مانے کے درمیان شراکت نے ٹیم کو سہارا دیا۔

تھری مانے کی نصف سنچری اسکور کی جبکہ میتھوز نے شاندار سنچری اپنے نام کی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرہ نے تین جبکہ بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا، روی جدیجہ اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے میچ کو یک طرفہ بنادیا۔

روہت شرما اور کے ایل راہول نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ دونوں کے درمیان 189 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

یہ روہت شرما کی رواں ورلڈ کپ کی پانچویں سنچری تھی جس کے بعد وہ کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

روہت ورلڈ کپ مقابلوں میں پانچ سنچریاں اسکور کرنے والے واحد بلے باز ہیں جبکہ بھارت ممکنہ طور پر اس ورلڈ کپ میں مزید دو میچز کھیل سکتا ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ کمار سنگاکارا کے پاس تھا جنہوں نے 2015 کے عالمی کپ کے دوران چار سنچریاں اسکور کی تھیں۔

روہت نے ورلڈ کپ 2019 میں اب تک 647 رنز بنالیے ہیں اور وہ سچن ٹنڈولکر کے 647 رنز کا ریکارڈ توڑنے کے بہت قریب ہیں جنہوں نے یہ سنگ میل 2003 کے عالمی کپ میں عبور کیا تھا۔

بھارت نے ہدف 44ویں اوور میں حاصل کرلیا اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا۔

سری لنکا کی جانب سے لسیتھ ملنگا، کسن رجیتھا اور اڈانا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سنچری اسکور کرنے پر روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں