پاکستان اور چین صحت کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دیں گے


اسلام آباد: چین کے سفیر، مسٹریاؤ جنگ نے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ادارہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر،میجر جنرل پروفیسر عامر اکرام نے ڈاکٹر رانا محمد صفدراور ڈاکٹر محمد سلمان کے ہمراہ چائنہ کے سفیر کا خیرمقدم کیا ۔

چینی سفیرکے قومی ادارہ صحت کے دورے کا مقصد صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

ملاقات کے دوران، ایگزیکٹوڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے معزز مہمان کوصحت کے شعبے میں قومی ادارہ صحت کے کردار سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کیسے یہ ادارہ ملک میں طبی شعبے سے وابستہ اداروں اورافراد کی استعداد کارکو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہاہے۔

چینی سفیر نے ادارے کے مختلف ڈویژنز میں ہونے والے کام میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک طبی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کی دوستی ہر دور میں مثالی رہی ہے۔ مسٹر یاؤ جنگ نے سی پیک پراجیکٹ کو دونوں ملکوں کی ترقی کا مشترقہ منصوبہ قرار دیا۔

معزز مہمان نے خاص طور پر ادارے میں جاری ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ ،روایتی ادویات اور ویکیسین کی تیاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نےمزید کہا کہ قومی ادارہ صحت پاکستان اور سی۔ ڈی ۔ سی چائنہ کو ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرنے اور باہمی تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کرنی چاہیے ۔

پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں چینی سفیرکے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ قومی ادارہ صحت نے حال ہی میں سی ڈی سی چائنہ کے ماہرین کے ساتھ اور سینو فارم کے حکام کے ساتھ بار آور گفت وشنید کی ہے.

انہوں نے کہا کہ  ہم سی ڈی سی چائنہ کے ساتھ ، پبلک ہیلتھ خاص طور پر ویکسین کی تیاری اور ہیومن ریسورس کے شعبے میں تعاون کے خواہاں ہیں۔


متعلقہ خبریں