کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی علیحدہ علیحدہ ہوگی

ٹیم منیجر نے کھلاڑیوں میں گروپنگ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

اسلام آباد: دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ’میلے‘ ورلڈ کرکٹ کپ میں بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کرکے اپنے سفر کا اختتام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے برطانیہ سے ایک ساتھ وطن واپسی کے بجائے علیحدہ علیحدہ آنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ چند کھلاڑیوں نے فی الحال بیرون ملک قیام کا ہی ارادہ ظاہر کیا ہے۔ وطن واپسی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں نے علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

ورلڈکپ میں کچھ دن باقی،قومی کرکٹ ٹیم تجربوں میں مصروف

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت کل 17 افراد اتوار کے دن وطن واپس پہنچیں گے جب کہ ان کی لندن سے روانگی آج (بروز ہفتہ) ہوگی۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور محمد حسنین کراچی اتریں گے جب کہ بابر اعظم، امام الحق اور آصف علی کی منزل لاہور ہوگی۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق شاداب خان، فخر زمان، عماد وسیم اور شاہین آفریدی اسلام آباد ایئرپورٹ اتریں گے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے حسن علی، محمد عامر، محمد حفیظ، شعیب ملک اوروہاب ریاض نے فی الحال وطن واپسی کے بجائے بیرون ملک قیام کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، باؤلنگ کوچ اظہرمحمود اوربیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بھی بعد میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سیلکٹر کو تنقید کا سامنا

ذرائع کے مطابق وطن واپسی کے فوراً بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اتوار کے دن ڈھائی بجے دوپہر پریس کانفرنس سے خطاب کا فیصلہ کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شاداب خان اور عماد وسیم آٹھ جولائی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ پہر چار بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جب کہ بابراعظم اور امام الحق نے بھی 9 جولائی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوپہر ڈھای بجے پریس کرنفرنس کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم جو ورلڈ کرکٹ کپ میں شرکت کے لیے برطانیہ گئی تھی اس طرح سے وطن واپس لوٹ رہی ہے کہ سیمی فائنل تک میں رسائی حاصل نہیں کرسکی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے برطانیہ میں قیام کے دوران بعض منفی اطلاعات بھی وطن پہنچی تھیں جن کے حوالے سے امید ہے کہ کپتان سمیت دیگر کھلاڑی زیادہ بہتر بتا سکیں گے۔


متعلقہ خبریں