’احساس پروگرام کے تحت 4سال میں1 لاکھ 61 ہزار افراد کی مدد کرینگے‘


وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت مٹاؤ مہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شروع کیے گئے ’’احساس پروگرام ‘‘ کے تحت 4سال میں ایک لاکھ اکسٹھ ہزار افراد کی مدد کی جائیگی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان  نے بیروز گاروں  کے لیے  پروگرام لانچ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تین حصے ہیں ۔ اس پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کی فراہمی ، ہنر کی تعلیم اور چھوٹے اثاثوں کی منتقلی ہوگی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہرسال اسی ہزار افراد کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔4سال میں ایک لاکھ اکسٹھ ہزار افراد اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں 22غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) بھی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرینگی۔احساس پروگرام کے تحت ہرماہ نیا پروگرام لائیں گے ۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ چھوٹے قرضوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔ تین ارب روپے سے زائد مالیت کے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کا انحصار اسکی شفافیت پر ہوتا ہے ،اسکالر شپ اور فوڈ اسٹیمپ اسکیم بھی لائیں گے ۔ اس حوالے سے مرغیوں  اور انڈوں کا پروگرام بہت اہم ہے ۔ مرغ بانی پروگرام دیہات والوں کے لیے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔

ڈاکٹر ثانیہ نشترنے کہا کہ اس پروگرام میں ڈیفالٹ کا ریٹ کم ہوتا کیوں کے قرضے شفافیت سے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورننس بہتر ہونے کے اثرات معیشت پر جلد نظر آئیں گے، وزیر اعظم نے سی ڈی اے سمیت دیگر شہروں کے اداروں کو کہا ہے کہ  سڑک کنارے روزگار کے مواقعوں کا نظام بنایا جائے۔ ٹھیلے لگانے والوں کا تحفظ اور انکا فریم ورک انتہائی ضروری ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ یہ پروگرام اشرافیہ کی گرفت حکومتی وسائل سے کمزور کرنے کے لیے ہے، احساس پروگرام میں خواتین کو خصوصی اہمیت دی جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان کا بےنامی جائیداد کی نشاندہی کرنے پر 10 فیصد دینے کا اعلان


متعلقہ خبریں