پنجاب میں مسلم لیگ ن کے 37اراکین فارورڈ بلاک کیلئے تیار ہیں، شیخ رشید



وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے 37اراکین صوبائی اسمبلی فارورڈ بلاک بنانے کے لیے تیار ہوگئے ہیں صرف 7ارکان کم ہیں وہ پورے ہوگئے تو فارورڈ بلاک بن جائیگا۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملکی سیاست میں آئندہ 90روز بہت اہم ہیں۔ قومی اسمبلی میں بھی ن لیگ کے فارورڈ بلاک کا اعلان بہت جلد ہوجائے گا کیونکہ ایوان زیریں میں فاورڈ بلاک کے لیے 17ارکان درکارہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو سب سے زیادہ خطرات چور سیاستدانوں سے لاحق ہیں۔ جو لوگ شور مچا رہے ہیں ان کی گرفتاریاں بہت قریب ہیں۔یہ ایسے لوگ ہیں جو اپنی اپنی اہلیہ کو بھی پھنسوائیں گے۔ عنقریب ان اہلیہ کے اکاؤنٹس سے پردہ اٹھے گا جن میں پیسے آئے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ شہباز شریف کو سازش کے تحت اپوزیشن لیڈر بنایاگیاہے۔ مریم نواز کو معلوم ہے کہ انکی سیاست ختم ہوگئی ہے۔ وہ جلسہ جلسہ کھیلنا چاہتی ہیں تو کھیل لیں کوئی فرق نہیں پڑیگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک کی ہر پارٹی میں چینی اور آٹا مافیا موجود ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بے نامی زمینوں میں ریلوے کو بڑی جگہ ملی ہے۔ ہم نے کم عرصے میں ریلوے خسارہ کم کیا،ریلوے نے 35لاکھ لٹر تیل کی بچت کی ہے۔ انٹر نیشنل ٹینڈر پر جا کر ریلوے کی حالت مزید بہتر بنائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ اخراجات میں تاریخی کمی کی اور ریلوے میں بہتری لائے ہیں۔ تمام ریلوے ملازمین کو بحال کیاگیا۔ ریلوے میں 7لاکھ مسافروں کا اضافہ کیاگیا۔ لاہور سے میاں والی جانے والی لائن اپگریڈ کررہے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بے نامی زمین کا بڑا حصہ ریلوے کو ملنے جارہا ہے ،بے نامی زمینو ں پر ہم نے کمیٹی بنائی ،
آئندہ ماہ ایک اور ٹینڈر کرنے جارہے ہیں،

وفاقی وزیر ریلوے نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ریلوے کو 4ارب روپے کا نقصان ہواہے۔

یہ بھی پڑھیے: ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے، شیخ رشید


متعلقہ خبریں