ورلڈ کپ 2019، سری لنکا اور بھارت میچ کے دوران کشمیر کی گونج

ورلڈ کپ 2019، سری لنکا اور بھارت میچ کے دوران کشمیر کی گونج

فوٹو: غیر ملکی میڈیا


لندن: کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز لندن کے لیڈز گراؤنڈ تک جا پہنچی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں سری لنکا اور بھارت میچ کے دوران جہاز کے ذریعے کشمیر کے حق میں بینرز لہرا دیے گئے۔

کرکٹ ورلڈ کپ گروپ کا آخری میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ جاری تھا کہ اچانک ایک چھوٹا جہاز میدان کی فضا میں پہنچ گیا جس کے پیچے ’’ جسٹس فار کشمیر ‘‘ کا بینر لہراتا نظر آیا۔

ہیڈنگلے گراؤنڈ میں بھارت اور سری لنکا کے میچ کے دوران کشمیر کی آزادی کی گونج مچ گئی اور جہاز بینر کے ہمراہ میدان کے چکر لگاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں کشمیر: بھارتی افواج نے ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کردیا

کشمیر کی حمایت میں بینر لہراتا جہاز جونہی میدان کی فضا میں پہنچا تو نیچے موجود شائقین نے کشمیر کے حق میں نعرے لگانا شروع کر دیے جبکہ میچ کے دوران ایک اور جہاز بھی کشمیر کی حمایت میں بینرز لیے میدان میں داخل ہوا۔ جہازوں کے پیچھے ’’ کشمیر کی آزادی اور کشمیر میں نسل کشی ‘‘ روکنے کا بینر لہرا رہا تھا۔

ترجمان آئی سی سی نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے اس طرح کا معاملہ دوبارہ ہوا۔ ہم مقامی پولیس کے ساتھ مل کر اس طرح کے پیغامات کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پولیس اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دے گی۔

واضح رہے کہ ایٹمی طاقتیں رکھنے والے پڑوسی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کی آزادی کے لیے متعدد جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں