’مریم نواز کے پاس ایسی ویڈیوز موجود ہیں جو طوفان کھڑا کر دیں گی‘



اسلام آباد: سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کے پاس ایسی ویڈیوز موجود ہیں جو ملک میں طوفان کھڑا کر دیں گی، مسلم لیگ نون نے اب اعلان جنگ کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں حامد میر نے کہا کہ اسلام آباد کے صحافیوں کے پاس کئی بڑی اور اہم ویڈیوز موجود ہیں لیکن کسی میں انہیں جاری کرنے کی ہمت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو ویڈیو جاری کی وہ بہت اہم ہے اور سپریم کورٹ آف پاکستان اس کی تحقیقات کرائے۔

انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کا اپنی ویڈیو پر بیان سامنے آنا چاہیے ورنہ اس ویڈیو کو حقیقت سمجھا جائے گا۔

حامد میر نے کہا کہ عمران خان اس وقت حزب اختلاف سے ڈرے ہوئے ہیں اور وہ اب ان کو جلسہ کرنے کی بھی اجازت نہیں دے رہے۔ رانا ثنا اللہ نے اپنی گرفتاری سے چار روز قبل ہی ایک میٹنگ میں کہہ دیا تھا کہ حکومت سے ہاتھ نہیں ملانا یہ ہمیں ہر صورت میں گرفتار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسے حالات پیدا کر دیے کہ مریم نواز ایسی ٹیپ سامنے لے کر آئی ہیں اور ان کے پاس مزید ثبوت بھی موجود ہیں جو آہستہ آہستہ سامنے لانے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔

حامد میر نے کہا کہ عمران خان عام آدمی کو بے وقوف نہ سمجھیں لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ اگر اس ٹیپ کی تحقیقات نہیں کی گئیں تو یہ بات زبان زد عام ہو جائے گی کہ سب ملے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب خاموش رہ کر اور میڈیا کو چپ کرا کر آپ کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اتنا اٹھے گا کہ پھر اس کو دبایا نہیں جا سکے گا۔ جڑواں شہروں کے عدالتی رپورٹرز کو بہت کچھ معلوم ہے لیکن وہ اپنی زبان نہیں کھول سکتے۔ اب صحافیوں کو بھی ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں مریم نواز نے نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پیش کردی

حامد میر نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر بات کرنے سے اسی لیے منع کیا گیا ہے کہ شاید انہوں نے بات ماننے سے انکار کر دیا تھا اور جج ارشد ملک پر اب یہ فرض ہو گیا ہے کہ وہ سامنے آکر اپنی ویڈیو کی حقیقت سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے حکومت اس وقت سے ڈرے جب مریم نواز دوسری ٹیپ چلائیں گی اور اس سے بڑا طوفان آئے گا۔ مریم نواز کے بعد اس سے بڑی ویڈیو موجود ہے۔

سینئر صحافی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے جو لوگ وفاداریاں تبدیل کریں گے انہیں بہت زیادہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا اور لوگ انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ فارورڈ بلاک والے عوام کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب اینٹی عمران خان بن گئے ہیں جس سے انہیں بہت نقصان ہو گا۔ انہیں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

پروگرام کے دوران سینئر صحافی اور تجزیہ کار کاشف عباسی نے کہا کہ اتنی بڑی آڈیو ویڈیو ٹیپ جاری کرنے کا مطلب ہے کہ مسلم لیگ نون کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اور وہ اب کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اب مسلم لیگ نون ہر جلسہ اور پریس کانفرنس میں یہ مسئلہ اٹھائے گی کہ جج پر دباؤ ڈالا گیا۔

کاشف عباسی نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کو یہ سمجھ آگیا ہے کہ اب اگر مقابلہ نہیں کیا گیا تو سب کو گرفتار کیا جائے گا۔ اب اس ویڈیو ٹیپ پر سیاست کی جائے گی۔

انہوں ںے کہا کہ مسلم لیگ نون میں نئی روایات سامنے آئی ہیں نون لیگ کے بہت سے لوگ 2018 میں کھڑے ہوئے اور حالات کا مقابلہ کیا۔ اب وہ سب نہیں ہو گا جو اس سے پہلے ہوتا رہا ہے۔

کاشف عباسی نے کہا کہ عمران خان اس وقت معیشت کو دیکھیں بنیادی جمہوری اصولوں کو نہیں توڑنے سے گریز کریں۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ قانون بہت واضح ہے سوئس بینک کے فیصلے میں بھی ایک ٹیپ آیا تھا جس میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ اگر جج دباؤ میں آکر فیصلہ کرے گا تو کیس دوبارہ چل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے جاری کردہ آڈیو ویڈیو ٹیپ کا ابھی اصل کا فیصلہ ہونا باقی ہے اور جب تک جج خود بیان نہیں دیتے اس وقت تک ہائی کورٹ میں اپیل دوبارہ ہو سکتی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جاری کردہ ویڈیو سے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑ سکتا جب تک جج خود آ کر یہ نہ کہیں کہ مجھ پر دباؤ ڈال کر فیصلہ لیا گیا۔


متعلقہ خبریں