وقار یونس کا حفیظ کو ریٹائر ہونے کا مشورہ

پوری دنیا بابر اعظم کے گن گا رہی ہے، وقار یونس

فائل فوٹو


لندن: سابق کوچ اور کپتان وقار یونس نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو بھی ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے تاہم میرے خیال میں محمد حفیظ کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کی عمر بھی اب 39 سال کے قریب ہوچکی اور پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 اور آئندہ چیمئنز ٹرافی کیلیے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا چاہیے۔

وقار یونس نے کہا کہ بابر اعظم، امام الحق، حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی تیزی سے بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھ رہے ہیں جو پاکستان کیلیے بڑی خوش آئند بات ہے۔

شعیب ملک کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر کی پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خدمات رہی ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک نے طویل کیریئر کے دوران کئی بار یادگار کارکردگی پیش کی تاہم ہر کرکٹر کو ایک نہ ایک دن کھیل کو خیرباد کہنا ہی ہوتا ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ شعیب ملک نے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لینے کا اچھا فیصلہ کیا اور وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مزید ایک، دو سال کھیلنے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں