’این آر او نہ ملنے پر ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے‘

لاہور ہائیکورٹ نے شہباز گل کو طلب کر لیا

فوٹو/فائل


لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے کوئی این آر او نہ ملنے پر ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

مریم نواز کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کیلبری کوئن جتنا بھی جھوٹ بول لیں قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے اشتہاری بھائیوں کو بھی بے گناہ ثابت کرتی رہیں جبکہ وہ قانون کی نظر میں بھگوڑے ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے شہباز شریف سے ن لیگ کی صدارت اُچک لی ہے اس وجہ سے وہ پریشان بیٹھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈراؤنے خواب کسی اور کو نہیں بلکہ بیگم صفدر اور بھگوڑے بھائیوں کو آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے ڈر اور لُوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے مریم صفدر ہر حربہ استعمال کر رہی ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ جسٹس قیوم ملک کو فون کس نے کیا تھا، مریم کی سیاسی تربیت آج کھل کر سامنے آگئی ہیں، عدالتیں خلاف فیصلہ دیں تو انکی کردار کشی شروع کر دیتے ہیں، انہی لوگوں نے چند ماہ پہلے چئیرمین نیب پر بھی کیچڑ اچھالا تھا۔


متعلقہ خبریں