کٹھ پتلی حکومت کے خلاف نکلا ہوں، بلاول


ڈی آئی خان: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ اس کٹھ پتلی اور سیلیکٹڈ حکومت کےخلاف نکلے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نےغریبوں کےحقوق کے لیے جدوجہد کی جبکہ میری والدہ اور نانا ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کے لیے قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ آج اس دھرتی پر کھڑا ہوں جسے کبھی آمریت اور دہشت گردی نے نشانہ بنایا، اس لعنت نے وزیرستان اور دیگر قبائلی علاقوں کو تار تار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں شہیدوں کا مشن پورا کرنے کے لیے نکلا ہوں اور ہم پاکستان کادفاع کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر باجوڑ میں پہلا اسپتال اور کالج بنا تو وہ ذوالفقارعلی بھٹو نے بنایا جبکہ ٹانک تک سوئی گیس پیپلز پارٹی دور میں فراہم کی گئی۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو جینے کا شعور دیا۔

’کلبھوشن  کا انٹرویو ٹی وی پر چل سکتا ہے لیکن سابق صدر کا نہیں‘

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے باوجود خیبرپختون خوا کےعوام بھاگےنہیں بلکہ مقابلہ کیا، شہیدوں کا دکھ سمجھ سکتا ہوں، میں بھی اسی دریا سے گزرا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانیوں کے باوجود دنیا میں ہمارے بیانیے کو کیوں تقویت نہیں مل رہی؟ سوال پوچھنا ہمارا حق ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو کیوں سزا نہیں مل رہی؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا انٹرویو ٹی وی پر چل سکتا ہے لیکن سابق صدر کا نہیں، آخرکیوں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مٹی کی محبت میں ہم نے وہ قرض بھی اتارے جو واجب بھی نہ تھے۔


متعلقہ خبریں