ورلڈکپ میں شکست پر قوم سے معافی نہیں مانگیں گے، سرفراز



کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پہلے پانچ میچوں میں ہم نے برا کھیلا اور اس پر شائقین کی تنقید بجا ہے، بحیثیت ٹیم ہماری کارکردگی شروع میں اچھی نہیں رہی اور بھارت کیخلاف شکست سے کھلاڑی بہت پریشان ہوگئے تھے۔

وطن واپسی کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ 2019 میں ہمارا رن ریٹ بہت گر گیا تھا اور ہم نے بہتر کرنے کی بہت کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنی طرف سے اچھا کھیلنے کی کوشش کی اور کوئی بھی مات کھانے کیلیے میدان میں نہیں اترتا، بحیثیت کپتان میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

صحافی نے سوال کیا کہ ورلڈکپ میں شکست پر قوم سے معافی مانگیں گے؟ جواب میں سرفراز نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ پانچ میچوں میں اچھا نہیں کھیل سکے لیکن 11 پوائنٹ کے ساتھ واپس آئے ہیں اور مجموعی کارکردگی اتنی بھی بری نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پوائنٹس کی وجہ سے نہیں رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل سے باہر ہوئے لیکن بد قسمتی سے آگے نہیں جاسکے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم پی سی بی کے عہدیداران اور میرے مشورے سے بنائی گئی تھی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے ذمہ دار بھی ہم ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ مجھے کپتان بنانے کا فیصلہ پی سی بی کا تھا اور ہٹانے کا فیصلہ بھی اداراہ ہی کرے گا میں خود کپتانی سے استعفیٰ نہیں دوں گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز نے ٹیم میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کوچ مکی آرتھر نے بہت اچھے طریقے سے لوگوں کو سنبھالا۔

حسنین کو ورلڈکپ میں نہ کھلانے کے سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کسی میچ میں ایسی صورتحال نہیں آئی جس میں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے شکست کے بعد میں ٹیم کی ایک میٹنگ بلائی تھی جس میں تمام باتیں کھل کیں اور کھلاڑیوں نے بھی اپنی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بھارت سے شکست کے بعد ٹیم پر سخت وقت تھا اور ہم بھی اتنا ہی پریشان تھے جتنا پوری قوم تھی۔

سرفراز نے کہا کہ ہماری بھی دیگر کی طرح جیتنے گئی تھی، ہمارے پاس صرف محمدحفیظ اور شعیب ملک کےعلاوہ سب جونیئر کھلاڑی تھے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں ہم نے اپنے بہتری کھلاڑی کھلائے لیکن بد قسمتی سے شعیب ملک کو آخری میچ نہیں کھلا پائے۔

بنگلہ دیش کےخلاف 500 رنز کے سوال پر سرفراز نے جواب دیا کہ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ بنائیں گے بلکہ یہ کہا تھا کہ معزہ ہوا تو بنا لیں گے۔


متعلقہ خبریں