نوازشریف کیلیے خوشخبری وہ بے قصور ثابت ہو چکے، مریم نواز

نوازشریف کیلیے خوشخبری، بےقصور ثابت ہو چکے، قید میں رکھنا گناہ، مریم نواز

فائل فوٹو


منڈی بہاؤالدین: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا جج کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ثابت ہوگیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف بے قصور ہیں اور اب ان کو قید میں رکھنا گناہ ہے۔

پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کوخوشخبری دینا چاہتی ہوں کہ آپ کی بے گناہی ثابت ہوچکی اور آپ جیت چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو نے نوازشریف کو 22 کروڑ عوام کے سامنے سرخرو کردیا اور اب یہ ثابت ہوچکا کہ انہیں ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگانے کی سزا ملی۔

ن لیگ کی نائب صدر کے بقول جج نے اعتراف کیا کہ نوازشریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ فیصلہ کسی اور طرف سے آیا۔

مریم صفدر نے کہا نواز شریف کا قصور یہ تھا کہ نواز شریف کا کوئی قصور نہیں تھا اور ناحق سزا سے آج سابق وزیراعظم کے ووٹر کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ نوازشریف کا کیا قصور تھا کہ ایک کے بعد ایک سزا سنا دی گئی لیکن نواز شریف چوتھی بار نہ صرف وزیراعظم بنے گا بلکہ پہلے سے زیادہ طاقت سے وزیراعظم بنے گا۔

منڈی بہاوالدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف جانتے تھے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے لیکن پھر بھی سرجھکا کر جیل چلے گئے اور اب ثابت ہوچکا کہ وہ بے گناہ ہی نہیں بلکہ بہادر بھی ہیں۔


متعلقہ خبریں