شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال کیس کی سماعت13 جولائی تک ملتوی

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کو عدالت پہنچا دیا گیا

فوٹو: فائل


لاہور: قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال کیس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کرلیا ہے۔

عدالت نے سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سمیت دیگر ملزمان کو آج پیش ہونےکا حکم دیا تھا ،سابق وزیراعلی شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق پرنسپل سیکریٹری فوادحسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ہے۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ ان کی  کمر میں تکلیف ہے وہ زیادہ دیر نہیں رُک سکتے ، شہباز شرہف کی جانب سے حاضری لگائے جانے کے بعد  واپس جانے کی استدعا کردی ۔

عدالت کی طرف سے کہا گیا کہ میاں صاحب آپ بیٹھیں پھر دیکھتے ہیں۔

آشیانہ اقبال کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب نے گزشتہ برس 5 اکتوبر کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا لیکن جب وہ بیان ریکارڈ کرانے پہنچے تو انہیں آشیانہ اسکیم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈی جی فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی ‘کاسا’ کو دلوا دیا۔

نیب کا الزام ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) پر دباؤ ڈال کر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا اور پھر یہی ٹھیکہ پی ایل ڈی سی کو واپس دلایا جس سے قومی خزانے کو 71 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر کنسلٹنسی کانٹریکٹ ایم ایس انجینئر کسلٹنسی کو 19کروڑ 20 لاکھ روپے میں دیا جبکہ نیسپاک کا تخمینہ 3 کروڑ روپے تھا۔

یہ بھی پڑھیے: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل، شہباز شریف پر فرد جرم عائد

کیس کی سماعت کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردارتاریں لگاکر بند کردیا گیا جب کہ پولیس کی اضافی نفری احتساب عدالت کے اندراور باہر تعینات کی گئی۔


متعلقہ خبریں