ہری پور: کشتی حادثہ میں لاپتہ افراد کی تلاش چھٹے روز بھی جاری


ہری پور: تربیلا ڈیم میں کشتی الٹنے کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے  افراد کی تلاش کے لیے  آپریشن آج چھٹے  روز بھی جاری  ہے۔  18لاپتہ افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں  مل سکا ہے۔

ہم نیوز کے نمائندہ نوید خان کے مطابق پاک آرمی ، ریسکیو 1122اور مقامی افراد ملکر کارروائی کررہے ہیں۔ تاحال کشتی کو نکالنے کی تمام کوششیں ناکام نظر آرہی ہیں۔

ریسیکو ٹیموں نے 15کلومیٹر تک علاقے میں لاہن سرچ ،اوپن سرچ  اورڈائیونگ سرچ کیا ۔ ریسکیو ذرائع کا کہناہے کہ پانی کے بہاؤ میں تیزی اورپانی گدلا ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

یا درہے کہ 3جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کی تحصیل غازی میں تربیلا جھیل میں مسافر کشتی  الٹ گئی تھی  جس  میں 50 سے زائد افراد سوار تھے۔

تربیلا جھیل میں کالا ڈھاکہ توغر سے آنے والی مسافر کشتی تھانہ نارہ امازئی کی حدود برگ کے مقام پر الٹی تھی۔ حادثے کے بعد  ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہری پور میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق  پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے  جن  میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں ۔ حادثے کے روز  2 خواتین سمیت 6 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا، حادثے میں ڈوبنے والے 15 سے زائد افراد نے تیر کر اپنی جان بچائی۔

ہری پور کشتی حادثے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں ملاح کے خلاف درج کرلیا گیا تھا۔ ریسکیو حکام نے 18 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی تھی ۔

ہری پور: کشتی حادثہ میں لاپتہ افراد کی تلاش تیسرے دن بھی جاری


متعلقہ خبریں