سپریم کورٹ نے سابق صوبائی وزیر میر فائق جمالی کو 2026 تک الیکشن لڑنے سے روک دیا


سپریم کورٹ نے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیرمیر فائق جمالی کو 28 نومبر 2026 تک الیکشن لڑنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس  پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سر براہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔

دوران سماعت میر فائق جمالی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ میر فائق جمالی نے نیب کیس میں اکتوبر 2013 تک سزا بھگتی ہے۔ سزا پوری کرنے کے بعد میرا موکل الیکشن لڑ سکتا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ فائق جمالی نے جیل کی سزا پوری کی ہے۔ فائق جمالی کو احتساب عدالت نے چھ کروڑ جرمانہ بھی کیا ہے،نیب قانون میں سزا پوری کرنے کے بعد دس سال کی نا اہلی ہے۔ آپ کے موکل نے جیل کی سزا پوری کی جرمانہ نہیں دیا۔

فائق جمالی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انکا موکل 29 نومبر 2016 کو جرمانہ کی رقم ادا کر چکا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان  نے کہا جرمانہ ادا کرنے کی تاریخ سے نا اہلی کے دس سال شروع ہونگے۔ 2026 کے بعد فائق جمالی الیکشن لڑ لیں۔

میر فائق جمالی کو کرپشن الزامات پر 14 سال سزا اور چھ کروڑ روپے جرمانہ ہوا تھا اور وہ اکتوبر 2013 میں سزا پوری کرنے کے بعد جیل سےرہا ہو ئے۔ فائق جمالی کے الیکشن میں حصہ لینے کیخلاف نیب نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں دوبارہ پولنگ روک دی


متعلقہ خبریں