شندور میلہ: وزیراعظم عمران خان کل مہمان خصوصی ہونگے



وزیراعظم عمران خان کل شندور کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ  بطور مہمان خصوصی پولو میچ کا فائنل دیکھیں گے اور جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کل گلگت کا دورہ بھی کرینگے۔وزیر اعظم گورنر اور وزیر اعلی گلگت بلتستان سے ملاقات  کے علاوہ  گلگت بلتستان کابینہ سے بھی ملیں گے۔

وزیر اعظم کو گلگت میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم گلگت میں مقامی عمائدین اور پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

سطح سمندر سے بارہ ہزار فٹ بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین میدان میں تین روزہ شندور میلے کا دوسرا روز ہے ۔ آج بھی ملکی اور غیر ملکی سیاح دلچسپ پولو میچز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔ پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے آسمان سے زمین پر اترنے کا عملی مظاہرہ کر کے میلے کی شان میں اضافہ کیا ۔

شندور پولو میلے کے دوسرے روز بھی مقامی افراد اور سیاحوں کے جوش و خروش میں کمی نہ آئی ۔خواتین اور بچوں کی شرکت اس میلے کی رونقوں میں مزید اضافہ کر رہی ہے ۔قومی نغموں کی گونج میں طلبا نے پی ٹی کا خوبصورت مظاہرہ کیا ۔

فری اسٹائل پولو ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے ناموں کے بینرز کے ساتھ طلبا نے مارچ کیا ۔

یہ بھی پڑھیے: شندور میلہ: 3 روزہ فری اسٹائل پولو ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے

شندور میلہ میں آج کے مہمان خصوصی وزیر سیاحت گلگت بلتستان فدا حسین  نے کہاہے کہ  پولو میلے سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پولو اور پیرا گلائیڈنگ کے علاوہ دیگر ایونٹس میں میلے کا حصہ بنیں گے ۔

پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے آسمان سے زمین پر اترنے کا خوبصورت مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں سے خوب داد وصول کی ۔


متعلقہ خبریں