آئی ایم ایف سے قرض کی پہلی قسط آج پاکستان کو موصول ہوگئی


عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری کے بعد1 ارب ڈالر کی پہلی قسط آج موصول ہو گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ آئی ایم ایف سالانہ 2 ارب ڈالر پاکستان کو دیگا ، عالمی مالیاتی فنڈ تین سال میں پاکستان کو 6 ارب ڈالر دیگا۔ آئی ایم ایف کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے بھی پاکستان کو 2 سے 3 ارب ڈالر رواں ماہ ملنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے پیکج کی منظوری تین جولائی کو دی تھی ۔

پاکستان کیلیے پیکج کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی جو  واشنگٹن میں منعقد ہوا۔

ترجمان آئی ایم ایف نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان کے لیے تین سالہ معاشی پیکج کے لئے منظوری دے دی گئی ہے۔

ترجمان آئی ایم ایف جیری رائس کا مزید کہنا ہے کہ قرض پاکستان کے اقتصادی پلان کی مدد کیلیے دیا جائے گا، جس سے پاکستان کی معیشت کی تسلسل سے ترقی بحال ہوگی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے لیے منظور کیے جانے والے پیکج کا مقصد ملک کی معاشی صورت حال اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

اس حوالے سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے 6ارب ڈالرفنڈ کی منظوری پاکستان کےمعاشی اصلاحاتی پروگرام کی سپورٹ کیلیے دی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی محاذ پر کلیدی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیئے پیکج کی منظوری عمران خان کے اکنامک ویژن پر اعتماد کا اظہار ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالر پیکج کی منظوری دے دی


متعلقہ خبریں