جج کی وڈیو کا معاملہ: مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست


احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی  مریم نواز کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لئے تھانہ مصری شاہ لاہورمیں درخواست دے دی گئی ۔

لاہور کے تھانہ مصری شاہ میں نجی فاؤنڈیشن کے صدر عامر رزاق کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے اپنی پریس کانفرنس میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو بدنام کرنے کی سازش کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عوام کو اعلی اداروں کے خلاف اکسانے اور افراتفری پھیلانے کی کوشش کی گئی۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ اداروں کو بدنام کر کے مریم نواز غداری کی مرتکب ہوئیں، درخواست گزار نے مریم صفدر اور ناصر بٹ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی ہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی ایک مبینہ ویڈیو6جولائی کو لاہور میں پارٹی کی سینئیر قیادت کی موجودگی میں میڈیا کے سامنے پیش کی تھی۔

انہوں نے خفیہ کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو لاہور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران پیش کی جس میں جج ارشد ملک ناصر بٹ نامی شخص سے بات چیت کررہے ہیں۔

مریم نواز کے مطابق احتساب عدالت کےجج کے ساتھ بیٹھا شخص نواز شریف کا چاہنے والا ہے جس نے ویڈیو انہیں دی ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے مطابق جج صاحب نے ناصر بٹ کو فون کرکے گھر پر بلایا جن سے ان کی پرانی جان پہچان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جج صاحب نے کہا کہ نواز شریف کو سزا سناکر میرا ضمیر ملامت کررہا ہے اور ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ جج نے لیگی رکن ناصر کو بتایا کہ نواز شریف پر نہ کوئی الزام نہ ہی کوئی ثبوت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بدعنوانی کے الزامات لگتے رہے لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ،نواز شریف کو دباؤ کی وجہ سے سزا سنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز نے نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پیش کردی


متعلقہ خبریں