عماد وسیم نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا


5

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے ورلڈ کپ کے دوران ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی گروپ بندی نہیں اور کپتان سرفراز احمد ایسی چیزوں میں ملوث ہونے والے شخص نہیں۔

انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران ٹیم میں اختلافات سے متعلق خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو خیال کرنا چاہیے۔

عماد وسیم نے کہا کہ جب ہمیں بھارت سے شکست ہوئی تو ہم پر بہت دباؤ آگیا، ویسٹ انڈیز سے ہارنے کے باعث سیمی فائنل میں نہ جاسکے۔

عماد وسیم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ایسا لگ رہا ہوتا ہے کہ جنگ ہورہی ہے، پڑوسی ملک سے شکست کے بعد ہماری میٹنگ ہوئی تھی تاہم اس میں ٹیم کی بہتری سے متعلق بات ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ میٹنگ سرفراز نے بلائی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹورنامنٹ میں واپسی کرنی ہے۔

ٹیم کی منصوبہ بندی سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال کوچ اور کپتان سے کیا جائے، انہیں جیسا کہا جائے گا وہ کھیلیں گے۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کوچز نے ہمیں بہت اچھے اچھے منصوبے بناکر دیے تاہم میدان پر ان پر عمل کرنا کھلاڑیوں کو کرنا ہوتا ہے۔

عماد وسیم نے اعتراف کیا کہ چنڈ ٹیموں نے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کو آؤٹ کلاس کیا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ میں شکست پر قوم سے معافی نہیں مانگیں گے، سرفراز

اسپنرز کی کارکردگی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آج کل کی کرکٹ ایسی ہے کہ دیگر ٹیم بھی اسپنر اچھا کھیلتی ہیں تاہم اگر ہماری کارکردگی دیکھی جائے تو بہت اچھی رہی۔

بھارت کے خلاف میچ سے وزیراعظم عمران خان کے پیغام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی پیغام انہیں نہیں ملا، جانے سے قبل ان سے ملاقات ہوئی تھی۔

افغانستان کے خلاف میچ میں شائقین کے درمیان جھڑپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان بھائی ہیں، لڑنا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کی کرکٹ میں کوئی ٹیم چھوٹی نہیں، افغانستان کی ٹیم بھی مضبوط ہے۔

عماد وسیم نے کہا کہ راشد خان ورلڈ کلاس بولر ہیں اور ان کے خلاف رنز بنانا آسان نہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف بلے بازوں کی محتاط بیٹنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بیٹسمین ہی بتاسکتے ہیں تاہم نیوزی لینڈ کی مضبوط ٹیم ہے وکٹیں گر جاتی تو مشکلات ہو جاتیں۔


متعلقہ خبریں