حماد اظہر نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا

حالات زیادہ خراب ہوئے تو لاک ڈاؤن پر مجبور ہوجائیں گے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی حماد اظہر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حماد اظہر سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے حماد اظہر کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دیتے ہوئے سمری ایوان صدر کو ارسال کی تھی جہاں سے منظوری کے بعد انہوں نے وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جب کہ اس سے قبل وہ وزیر مملکت برائے ریونیو کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں حماد اظہر کی پرجوش تقریر پر عمران خان کی مسکراہٹ اور لقمے

رواں مالی سال کا وفاقی بجٹ حماد اظہر نے حزب اختلاف کے انتہائی شور شرابے میں پیش کیا تھا۔ محمد حماد اظہر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ان کے والد میاں محمد اظہر سال 1990 سے 1993 تک گورنر پنجاب رہ چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ بجٹ اجلاس کے دوران حماد اظہر نے دھواں دھار تقریر کی تھی جس پر ایوان میں موجود وزیر اعظم عمران خان بھی مسکراتے، لقمے دیتے اور ڈیسک بجاتے دکھائی دیے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میرا تعلق بھی لاہور سے ہے، میرے سینے میں کئی راز دفن ہیں، میرا منہ نہ کھلوائیں۔ ان کی تقریر میں کہیں اقامے کا تذکرہ ہوا تو کہیں سیکیورٹی گارڈ ہونے کا طعنہ سامنے آیا۔

جوشیلے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزرا عمر ایوب خان اور فواد چوہدری نے حماد اظہر کو سینے سے لگا کر داد دی تھی جبکہ اسد عمر نے ان کی پیٹھ تھپتھپائی۔


متعلقہ خبریں