عمران خان کی حکومت جارہی ہے، زرداری


اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت جارہی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ حکومت کو ’سویلین مارشل لاء‘ مانتے ہیں۔

ایک صحافی نے جب سوال کیا کہ اگر عمران خان کی حکومت جارہی ہے تو ان کی جگہ کون آئے گا؟ اس پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ سویلین حکومت آئے گی۔

جج ارشد ملک کی ویڈیو لیک کے معاملے پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ میرے پاس ٹیلی ویژن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا ہے ہم انہیں تجاویز دیں گے۔

مزید پڑھیں: سابق صدر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر رکوا دیئے گئے

ان کا کہنا تھا کہ مریم بھی ہماری بیٹی ہیں ان کو بھی مشورے دیں گے۔

اس سوال پر کہ حکومت کب تک چلی جائے گی، آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ چار سے پانچ ماہ لگیں گے۔

انہوں نے اعتراف کیا کی غلطیاں ہوتی ہیں اور ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ سال بلاول کی شادی کا سال ہوگا؟ اس پر زرداری کا کہنا تھا ’انشاءاللہ۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی پر ان کا کہنا تھا کہ نئے لڑکوں کو لایا جائے اور ٹیم زیادہ پریکٹس کرے۔

’انٹرویو میں عمران خان کے اسکینڈل کی بات کی تھی‘

حالیہ انٹرویو روکے جانے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں، انٹرویو میں عمران خان کے اسکینڈل کی بات کی تھی، ہماری کمزوریوں کا نام عمران ہے، آئندہ ہوشیار رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈرز روکنا پارلیمانی روایت کے خلاف ہے اور ہم اس کی مخالفت کریں گی۔


متعلقہ خبریں