آئین اور قانون کی عمل داری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر احتساب کے عمل میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری حزب اختلاف کی تنان جماعتیں بھی اکٹھی ہو جائیں تو آئین اور قانون کی عمل داری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

یہ بات انہوں نے نائب صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیراعظم کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی تازہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی جبکہ بابر اعوان نے مختلف امور پر آئینی اور قانونی رائے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتساب کا نہ رکنے والا عمل اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا، اداروں کے خلاف سوچی سمجھی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کا وقت شروع ہو چکا ہے، اب ساری توجہ ملکی اداروں میں بہتری اور اصلاحات پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تیزی سے بحرانی کیفیت سے نکل رہا ہے اور قوم کو اچھی خبریں ملیں گی۔

اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، احتساب کا موجودہ عمل بدعنوان عناصر کے لئے مثال بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسا احتساب ہوتا تو ملک کے حالات مختلف ہوتے، حزب اختلاف کی جماعتوں کا شور شرابا اور پراپیگنڈا اداروں کو کمزور نہیں کر سکتا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ اور روس سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بابر اعوان نے کہا کہ امریکہ اور روس کے دورہ سے مثبت نتائج کی توقع ہے، پاکستان خطے میں اہم ممالک کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ماہ میں دو اہم دورے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔


متعلقہ خبریں