بی سی بی نے ہیڈ کوچ کی چھٹی کردی


ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیو روڈز کی چھٹی کردی۔

بورڈ کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر نظام الدین چوہدری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے باہمی رضامندی سے ہیڈ کوچ کو رخصت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد وطن واپس پہنچی ہے۔

بنگال ٹائیگرز اپنے نو میچز میں سے صرف تین جیتنے میں کامیاب رہی جبکہ پانچ میں اسے شکست اور ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔

بنگلہ دیش صرف ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والی جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور ٹورنامنٹ کی سب سے کمزور ٹیم افغانستان کے خلاف ہی جیت پائی۔

اسٹیو روڈز نے گزشتہ سال جون میں بنگلہ دیش ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کا کنٹریکٹ آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک تھا تاہم ناقص کارکردگی کی وجہ سے انہیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔

بی سی بی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے عارضی طور پر کسی کو کوچ جلد نامزد کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں