سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ہرا کر نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا


مانچسٹر: ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 19 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ایک مرحلے ایسا آیا جب 94 رنز پر بھارت کے چھ کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے تاہم اس موقع پر رویندر جدیجہ اور مہندر سنگھ دھونی کے درمیان شاندار شراکت نے میچ کا نقشہ تبدیل کردیا۔

جدیجہ 59 گیندوں پر 77 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کپتان ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے جبکہ گپٹل نے دھونی کو ناقابل یقین انداز میں رن آؤٹ کردیا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی جیت تقریباً یقینی ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نے ابتدا میں ہی بھارتی ٹاپ آرڈر کو شدید دباؤ میں اس وقت ڈال دیا جب پڑوسی ملک کے تینوں ان فارم بیٹسمین صرف پانچ رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ ویرات کوہلی 6 گیندوں پر 1، روہت شرما 4 گیندوں پر 1 اور کے ایل راہول 7 گیندوں پر 1 رن بنا سکے۔

کوہلی الیون کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دنیش کارتھک رہے جس نے 25 گیندوں پر چھ اسکور بنائے جبکہ پنتھ 32 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ہاردک پانڈیا نے 62 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینری نے تین، بولٹ نے دو، سینٹنر نے دو جبکہ نیشم اور فرگیوسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا سیمی فائنلز کا فیصلہ ٹاس پر ہی ہوجائے گا؟

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 47ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے دوسرے روز اپنی اننگز کا اختتام 239 رنز پر کیا، آج کیویز نے 23 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور اس کے تین کھلاڑی بھی آؤٹ ہوئے، یوں بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا۔

اولڈ ٹریفرڈ میں راس ٹیلر اور ٹم لیتھم نے کھیل کا آغاز کیا تھا۔ مارٹن گپٹل ایک، ہینری نیکولز 28، روس ٹیلر 74، کین ولمسن67، جیمز نیشم 12، گرینڈ ہوم نے 16، ٹوم لیتھم 10، میٹ ہینری 1 رنز ہی بنا سکے۔


متعلقہ خبریں