پی ٹی وی کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ کا انتقال ہوگیا



کراچی: پاکستان ٹیلی وژن کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کر گئی ہیں اور خاندانی ذرائع نے بھی اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی ہے۔

ذہین طاہرہ کے سوگواران میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ایک بیٹا مرحومہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا جبکہ دوسرا بیٹا قطر میں ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی تدفین کے حوالے سے اب تک فیصلہ نہیں کیا گیا، قطر میں موجود بیٹے کی آمد پر نماز جنازہ کا اعلان کیا جائے گا۔

ذہین طاہرہ کو گزشتہ ہفتے بھی دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تاہم طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں دوبارہ گھر منتقل کردیا گیا تھا۔

ذہین طاہرہ 1949 میں بھارتی شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئیں اور 45 برس ٹیلی ویژن سے منسلک رہیں۔ مرحومہ نے 700 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہیں پی ٹی وی کے سب سے مقبول ترین ڈرامے ‘خدا کی بستی’ میں بھی کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ذہین طاہرہ نے کالی آنکھیں، وقت کا آسمان، راستے دل، کیسی ہیں دوریاں، تجھ پہ قربان، کہانیاں، چاندنی راتیں، آئینہ، شمع، دیس پردیس، دستک، عروسہ سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا

چار دہائیوں تک ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ نے ریڈیو اور اسٹیج ڈراموں میں بھی فن کے جوہر دکھائے۔

حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں انہیں 2013 میں ‘تمغہ امتیاز’ سے بھی نوازا۔  ذہین طاہرہ کو 2013 کے ہم ایوارڈز میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔


متعلقہ خبریں