کرتارپور راہداری: 14 جولائی کو ہونے والی بات چیت کیلئے بھارتی صحافیوں کو دعوت

فائل فوٹو

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان نے بھارت  کے ساتھ کرتارپور راہداری کے امور پر تبادلہ خیال کے لئے 14 جولائی کو واہگہ میں ہونے والی  بات چیت کے لئے بھارتی صحافیوں کو دعوت  دے دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اجلاس کی کوریج کے خواہشمند بھارتی صحافی ویزا کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نےیہ پیغام  پیر کی رات  کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرجاری کیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹوئٹ  پیغام میں لکھا ’’پاکستان 14 جولائی کو واہگہ میں ہونے والی کرتارپورراہداری  کی میٹنگ کے لئے بھارتی ذرائع ابلاغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔ نئی دہلی میں واقع پاکستان ہائی کمیشن میں ویزا کے لئے درخواست دی جا سکتی ہے‘‘۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان نے دو جولائی کو بھارتی حکام  کو مطلع کیا تھا کہ کرتارپور راہداری کھولنے کی شرطوں ، خدوخال اور تکنیکی ایشوز کے سلسلے میں دو معاہدوں کے مسودوں پر بات چیت کے لئے دوسری میٹنگ 14 جولائی کو واہگہ-اٹاری انٹیگریٹیڈ كمپلیكس میں ہوگی۔

پاکستان نے بھارت  کی جانب سے 11 یا 14 جولائی کو میٹنگ کی تجویز رکھے جانے کی پیشکش کے بعد اس تاریخ کی تصدیق کی۔ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان پہلے دور کی بات چیت 14 مارچ کو اٹاری-واہگہ سرحد پر ہوئی تھی۔دوسرے دور کی بات چیت دو اپریل کو ہونے والی تھی لیکن  بوجوہ چیت میں تعطل آ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: نومبر میں کرتار پور راہداری کھول دی جائے گی، فواد حسین چوہدری

کرتارپور راہداری سے پاکستان کےضلع ناررووال کے علاقے کرتارپور میں واقع دربار صاحب کو بھارتی  پنجاب کے گرداس پور میں واقع ڈیرہ بابا نانک صاحب سے جوڑاجائے گا ، اس منصوبے کے مکمل ہونے  کے بعد بابا گرونانک کےعقیدت مند آسانی سے کرتار پور آ جا سکیں گے۔


متعلقہ خبریں