کوئٹہ:اسمگلرز کے تشدد کا شکار ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبدالقدوس شیخ  جاں بحق



کوئٹہ میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کی کوشش میں  تشدد کا شکار ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبدالقدوس شیخ  جاں بحق ہوگئے  ۔

سرکاری ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ انہیں گزشتہ روز تشویش ناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

چند روز قبل کوئٹہ میں ڈپٹی کلیکٹر کسٹم عبدالقدوس شیخ نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر کامیاب کارروائی کے بعد ڈپٹی کلکٹر کسٹم کی گاڑی آفس کی جانب جا رہی تھی کہ اسمگلرز نے ان پر حملہ کر دیا اورعبدالقدوس شیخ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

عبدالقدوس شیخ کوشدید زخمی حالت میں کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا، 4روز تک کوئٹہ میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے تشویش ناک حالت میں گزشتہ روز کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈپٹی کلکٹر کسٹم پر حملہ کرنے والے اسمگلر کو دو ساتھوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتارافراد میں صادق،طوفان اوراحمد شاہ شامل ہیں۔

ملزم اور اس کے ساتھیوں سے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبدالقدوس شیخ کی میت ضروری کارروائی کے بعدکراچی میں ورثاءکے حوالے کر دی جائیگی۔

ترجمان پاکستان کسٹمز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ڈاکٹر عبدالقدو شیخ کسٹم کے ہر دلعزیز آفیسرز میں شمار ہوتے تھے اور انکی بہادری اور جانفشانی کسی سے کم نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی ائیرپورٹ؛کسٹم انٹیلی جنس حکام کی کارروائی، اسمگلنگ کی کوشش ناکام

ترجمان کے مطابق  جب سے انھوں  نے چارج سنھبالا دن رات ایک کرکے سمگنگ کے روک تھام میں مصروف رہے  ۔ ان کی حا لیہ کارروائیوں سے اسمگلروں میں شدید بے چینی اور خوف پھیل گیاتھا۔  ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ پر حالیہ قاتلانہ حملہ اسی بزدلی کی عکاسی ہے۔


متعلقہ خبریں