آئی ایم ایف:قرض کی پہلی قسط  کے اجراء کے ساتھ ہی شرائط کی طویل فہرست 

آئی ایم ایف

پاکستان میں چیلنجز کے باوجود معاشی سرگرمیوں میں استحکام رہا، آئی ایم ایف


اسلام آباد:عالمی مالیاتی ادارے  آئی ایم ایف نے پاکستان کو  قرض کی پہلی قسط  کے اجراء کے ساتھ ہی شرائط کی طویل فہرست  بھی تھما دی ہے۔  حکومت پر سٹیٹ بنک سے بجٹ خسارے کو پورا کرنے کیلئے نیا قرضہ لینے پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ پاکستان آئندہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم نہیں دیگا۔حکومت ستمبر تک سیگریٹس پر ایکسائز ڈیوٹی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لائسنسز جاری کرے گی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیاہے کہ پاکستان اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹس سے نکلنے کیلئے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے فریم ورک پر موثر اقدامات  کریگا۔

عالمی مالیاتی ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ ستمبر تک حکومت نیپرا کے تعین کردہ بجلی کے نئے ریٹس کا نوٹیفکیشن بھی  جاری کرے گی اورستمبر تک عالمی شراکت داروں کے تعاون سے جامع سرکلر ڈیٹ (گردشی قرض )کے خاتمے کا پلان  بھی تیار کیا جائے ۔

آئی ایم ایف نے دسمبر تک پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے کا کسی نامور عالمی ادارے سے آڈٹ کرانے کے احکامات بھی دے دیے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیاہے کہ سرکاری اداروں میں گورننس اور شفافیت کو بہتر بنانے کیلیے پارلیمنٹ میں قانون کا مسودہ پیش کرنا ہوگا۔

عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے بتایا گیاہے کہ ستمبر تک حکومت کو پچھہتر ارب روہے کے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کرنا ہے۔ ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں ایک ہزار اکہتر ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف  بھی پورا کرنا ہے۔ ستمبر تک حکومت کو تعلیم و صحت پر تین سو انچاس ارب روپے کا بجٹ خرچ کرنا بھی لازم ہوگا۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلی سہ ماہی میں پینتالیس ارب روپے خرچ کرنا ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاور سیکٹر کو ستمبر تک تئیس ارب روپے کے بقایاجات کی ادائیگی کرنا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے کہا گیاہے کہ پاکستان حکومت نے پیشگی شرائط پر عمل کر چکی ہے۔بنکوں کی شرح سود اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آئی ایم ایف سے قرض کی پہلی قسط آج پاکستان کو موصول ہوگئی

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مذکورہ اہداف پرپیش رفت کا جائزہ لیکر ستمبر کے بعد نئی قسط جاری کرنے کا فیصلہ کرے گا۔


متعلقہ خبریں