کھلاڑیوں کے شیشہ کیفے جانے کیخلاف درخواست پر قانونی نکات طلب

کھلاڑیوں کے شیشہ کیفے جانے کیخلاف درخواست پر قانونی نکات طلب

فائل فوٹو


کراچی: پاک بھارت میچ سے قبل کھلاڑیوں کے شیشہ کیفے جانے کیخلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے قانونی نکات طلب کر لیے ہیں۔

جسٹس اللہ پھلپھوٹو نے درخواست گزار عبدالجیل(اے جے) مروت  کو ہدایت کی کہ قانون کی رو سے بتایا جائے کھلاڑی برطانیہ میں شیشہ بار گئے سندھ ہائی کورٹ ان کے خلاف کیسے کارروائی کا حکم دے سکتی ہے؟

آج سندھ ہائی کورٹ میں دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ رات کو شعیب ملک اور دیگر کھلاڑی شیشہ بار میں انجوائے کرتے رہے اور اگلے دن اہم میچ ہار گئے۔

روایتی حریف کیخلاف اہم میچ میں شکست کھانے کے بعد پوری دنیا میں سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کا مذاق اڑایا گیا۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ کھیل میںعدم دلچسپی کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نہیں جاسکا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ میچ ہارنے سے پاکستان سمیت دینا بھر میں کروڑوں کریکٹ شائقین کے دل ٹوٹے، ورلڈ کپ کے اہم میچزمیں ہارنے کی وجہ معلوم کرنی چاہیے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ اس سے پہلے بھی محمد آصف ،محمد عامر اور سلمان بٹ دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بنے۔

اے جے مروت نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شعیب ملک، ثانیہ مرزا، امام الحق اور وہاب ریاض نے اہم میچ سے قبل منشیات استعمال کی، یہ کھلاڑی کس کی اجازت سے شیشہ کیفے گئے۔

خیال رہے کہ درخواست گزار اے جے مروت نے ورلڈکپ2019 میں پاک بھارت میچ سے قبل کھلاڑیوں کے شیشہ کیفے جانے کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

درخواست میں پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل، ٹینس فیڈریشن، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، ثانیہ مرزا، ویبا ملک، امام الحق اور وہاب ریاض کو فریق بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں