’ٹیم میں کوئی ریلو کٹا نہیں لگتا‘

فائل فوٹو


لاہور: ورلڈکپ 2019 کھیلنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم نے کہا ہے مجھے نہیں لگتا کہ ٹیم میں کوئی ریلوکٹا کھلاڑی ہے تمام کھلاڑی دو سال سے ٹیم میں اچھا کھیل رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم میں گروپ بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کھانا کھانے بھی باہر جائیں تو گروپ بندی کی بات ہوجاتی ہے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کیخلاف بڑا سکور بنانے کی کوشش کی تھی لیکن وکٹ سلو تھا تیز کھیلنے میں مشکل ہورہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ورلڈ کپ میں فیلڈنگ اچھی نہیں ہوئی لیکن اس پر جتنی توجہ ہم دے رہے ہیں شاید ہی کوئی اور ٹیم دیتی ہو۔
امام الحق نے کہا کہ میں اچھی کارکردگی سے اپنے فینز کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میرا رول وکٹ پر کھڑے رہنا ہے اور فخرزمان اٹیکنگ کرکٹ کھیلتے ہیں۔

قومی کھلاڑی نے کہا کہ میں سٹرائیک ریٹ پر توجہ دے رہا ہوں روہت شرما سے فی الحال میرا مقابلہ قبل ازوقت ہے اس نے دو سو میچ کھیل رکھے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ نیٹ رن ریٹ منفی ہونے کا باعث بنا ویسے بھی بہت سارے کھلاڑیوں پہلا ورلڈ کپ تھا اور ہمیں کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کا فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے میرا کام صرف اچھی کارکردگی دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کی مرضی ہوتی ہے کہ کس کو کھیلانا ہے اور کس کو نہیں۔


متعلقہ خبریں