پاکستان کے وزرائے اعظموں کی امریکہ یاترا


وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر جولائی کے تیسرے ہفتے میں امریکہ کے دورے پر جارہے ہیں۔ پاکستان کےوزرائے اعظموں نے کب کب امریکہ یاترا کی اس کا احوال ذیل میں دیا جارہاہے۔

قیام پاکستان کے اڑھائی سال بعدپاکستان کے پہلے وزیراعظم  لیاقت علی خان نے امریکہ کا دورہ کیا جو سرکاری سطح پر کسی پاکستانی وزیر اعظم کا پہلا دورہ امریکہ تھا اس کے بعد بھی تقریباً تمام پاکستانی وزرائے اعظم سرکاری دورے پر امریکہ گئے۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں اسیر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بطور ویر اعظم امریکہ کے سب سے زیادہ سرکاری دورے کئے۔

پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان 3 مئی 1950 کو دورہ امریکہ پر پہنچے اور اعلی سرکاری سطح پر پاک امریکہ تعلقات کا باضابطہ آغاز ہوا۔ سر خواجہ ناظم الدین نے 1952 میں امریکہ کا دورہ کیا ،وزیر اعظم محمد علی بوگرہ اکتوبر 1954 میں امریکہ گئے۔

اسی طرح حسین شہید سہروردی دورہ امریکہ پر 10 جولائی 1957.کو واشنگٹن پہنچے اس کے تین سال بعد 1960 میں ابراہیم اسماعیل چندریگر نے امریکہ کا سرکاری دورہ کیا۔
پاکستان کے پہلے منتخب جمہوری وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ستمبر 1973اور فروری 1975 میں امریکہ کا چار روزہ سرکاری دورہ کیا ۔

لگ بھگ گیارہ سالہ  مارشل لا دور کے بعد ہونے والے ملک میں 1985 میں انتخابات ہوئے اور منتخب وزیر اعظم محمد خان جونیجو نے جولائی 1986 میں امریکی دورہ کیا ۔

بینظیر بھٹو نے 1989 ،1993 اور 1995 کے اپنے ادوار میں سرکاری امریکی دورے کئے۔

نواز شریف نے 1997 سے 1999 کے دوران بطور وزیر اعظم چار امریکی دورے کئے ۔

اسی طرح سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دور میں وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے 2003 میں امریکہ کا دورہ کیا۔شوکت عزیز 2006 اور سید  یوسف  رضا گیلانی 2008 اور 2010میں امریکہ کے دورے پر گئے۔

نواز شریف اپنے تیسرے وزارت عظمی کے دور ان 2013 اور 2015 میں  بھی امریکی دورے کئے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  ستمبر 2017 میں امریکہ گئے جو اب تک کسی وزیر اعظم پاکستان کا آخری دورہ امریکہ تھا۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان بھی جولائی کے تیسرے ہفتے میں امریکہ کے دورے پر جارہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان بائیس جولائی کو امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ  سے ملاقات کریں گے جس میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوگی ۔

یہ بات پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتائی تھی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے )کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر پاکستان کے موقف کو تسلیم کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’ وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات 22 جولائی کو ہوگی‘


متعلقہ خبریں