سب سے سستا دورہ امریکا عمران خان کریں گے، شفقت محمود



اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں سب سے سستا دورہ امریکا عمران خان کا ہو گا جبکہ وزیر اعظم نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ پر وزیر اعظم نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور مشیر خزانہ کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کے غیر ملک دورے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ جا رہے ہیں اور وزیر اعظم کے ہمراہ صرف سیکیورٹی افسران اور وزیر خارجہ جائیں گے۔ عمران خان پاکستانی سفیر کے گھر قیام کریں گے جبکہ ساتھ جانے والے افراد تھری اسٹار کے ہوٹل میں رہائش رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا سستا دورہ کسی نے نہیں کیا ہوگا جتنا سستا دورہ عمران خان کا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے قطری شہریوں کو ویزہ آن آرائیول کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ لوک ورثہ کو وزارت اطلاعات سے ہٹا کر نیشنل ہیریٹیج ڈویژن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور رپورٹ پر عملدر آمد کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بنانے سے متعلق امور زیر غور رہا، کابینہ نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے نئے چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی اور گندم کے ذخائر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ مریم نواز نے جج پر سنگین الزامات لگائے ہیں جو عدلیہ پر حملہ ہے اور اب بار ثبوت پیش کرنا مسلم لیگ نون کا کام ہے۔ ویڈیو کی تصدیق کے لیے فارنزک بھی ان کو خود ہی کرانا چاہیے تاہم کابینہ میں اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں 134 غیر ملکی دورے کیے جس میں وہ مجموعی طور پر 257 دن ملک سے باہر رہے اور ان کے ہمراہ 3 ہزار کے قریب لوگ باہر گئے۔ آصف زرداری کے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے 17 دورے لندن کے کیے جس پر 32 کروڑ روپے خرچ ہوئے اور 51 دفعہ دبئی گئے جس پر 10 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔ سابق صدر کے 48 غیر ملکی دورے ذاتی نوعیت کے تھے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کے وزرائے اعظموں کی امریکہ یاترا

نواز شریف کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بتاتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی 4 سالہ وزارت اعظمیٰ کے دوران غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 84 کروڑ روپے خرچ کیے۔ انہوں نے لندن کے 24 دوروں کے دوران 22 کروڑ 49 لاکھ روپے خرچ کیے جبکہ انہوں نے سعودی عرب کے 12 سے زائد دورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے غیر ملکی دوروں کے دوران قومی ائر لائن کو بھی 30 سے 40 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں وزرا دوسری جگہوں پر بھی نوکریاں کرتے نظر آئے، مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف وزیر ہونے کے باوجود اقامہ کے ذریعہ ایک کمپنی کو ایڈوائز کرتے رہے جہاں سے انہیں 15 سے 20 لاکھ روپے کی تنخواہ بھی ملتی تھی۔ بہر حال اب اس معاملے کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کے دوران میڈیا کو انٹرویو دینے کے حوالے سے پیمرا سے پوچھا جائے گا کہ کیا قوانین میں انٹرویو کی اجازت ہے ؟


متعلقہ خبریں