’عمران خان چیئرمین سینیٹ کو بچانے میں کامیاب ہو جائیں گے‘



اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ کو بچانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ویوز میکرز‘ میں میزبان زریاب عارف سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان چیئرمین سینیٹ کی نشست بچانے میں کامیاب ہو گئے تو حزب اختلاف مکمل طور پر فارغ ہو جائے گی۔

پروگرام میں شامل افتخار احمد، مسرور شاہ، مبشر بخاری اور ناصر بیگ چغتائی صاحب نے جنرل صاحب سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کے پاس مطلوبہ نمبر پورے ہیں۔

ناصر بیگ چغتائی صاحب کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کامیاب ہو گئی تو ہارس ٹریڈنگ کی وجہ سے ہو گی اور ایک نئی منڈی کھلے گی۔

پروگرم میں سوال پوچھا گیا کہ اگر چیئرمین سینیٹ کو ہٹا دیا گیا تو کیا اس سے حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا، اس کے جواب میں جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہو گا۔

بیرسٹر مسرور شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی مشکلات میں اضافہ نہیں ہو گا جبکہ مبشر بخاری، ناصر بیگ چغتائی اور افتخار احمد نے اس بات سے اختلاف کیا۔

مبشر بخاری کے مطابق ایسی صورتحال میں حکومت کو سینیٹ میں بل پاس کرانے میں زیادہ دشواری ہو گی۔

مریم نواز کو نیب کا نوٹس دئے جانے پر تمام مہمانوں کا کہنا تھا کہ اس سے مریم نواز کے لئے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

اسپیکر کی جانب سے قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے پر جنرل (ر) امجد شعیب کا کہنا تھا کہ یہ سوال کیا جانا چاہیئے کہ ان 11 ماہ میں ان کمیٹیوں کی پروڈکشن آرڈر کے علاوہ کارکردگی کیا رہی؟

افتخار احمد نے اس معاملے پر عدالت میں جانے کا اعلان کردیا جبکہ مبشر بخاری کا کہنا تھا کہ اسپیکر اگر کفایت شعاری کا بہانہ کر ر ہے ہیں تو بتائیں کتنی بچت کر ر ہے ہیں اور جو وزیراعظم نے غیرمنتخب لوگ رکھے ہوئے ہیں ان کا خرچہ کیا ہے؟


متعلقہ خبریں