کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نیوز اینکر سمیت چار افراد جاں بحق


کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک نجی ٹی چینل کے اینکر سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس خیابان بخاری میں فائرنگ کے واقعے کے بعد اینکر مرید عباس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا۔ مرید عباس کی لاش جناح اسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔ مرید عباس کے ساتھی خضر حیات بھی واقعے میں جاں بحق ہوگئے۔

مرید عباس کی اہلیہ کے مطابق انہوں نے آٹھ بجے کال کرکے مجھے بلایا اور بتایا کہ عاطف زمان نے کال کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرید کو عاطف زمان سے 50 لاکھ روپے لینے تھے اور اسی نے ٹی وی اینکر کو قتل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عاطف زمان ٹائر کا کاروبار کرتا ہے اور دونوں کے درمیان رمضان سے پیسوں کا لین دین چل رہا تھا۔

مرید عباس کی اہلیہ یہ دعویٰ کیا کہ عاطف زمان نے کئی دیگر افراد سے بھی پیسے لے رکھے تھے۔

اینکر مرید عباس کا تعلق میانوالی کے علاقہ پپلاں سے تھا۔ وہ چار بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھے۔

مرید عباس کا ایک بھائی آرمی میں سپاہی، ایک کاشتکار اور چھوٹا بھائی دکاندار ہے۔

مرید عباس نویں جماعت میں پپلاں سے دادا کے پاس کراچی چلے گئے تھے اور آگے کی تعلیم کراچی میں ہی حاصل کی۔

اس کے علاوہ کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

آئی جی سندھ نے اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فی الفور تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی جائے جبکہ جائے وقوعہ سے اکٹھا شواہدکی جدید اور فارنزک چھان بین کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے مرید عباس کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاطف غفور نے بھی قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غمزدہ خاندان اور نجی ٹی وی انتظامیہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔


متعلقہ خبریں