فوجی اڈے کی توسیع :8 ارب ڈالرز قطر نے خرچ کیے،ٹرمپ کا اعتراف

فوجی اڈے کی توسیع :8 ارب ڈالرز قطر نے خرچ کیے،ٹرمپ کا اعتراف

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں قائم فوجی اڈے ’العدید‘ کی توسیع میں خرچہ کرنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی اڈے کی توسیع میں رقم فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نے یہ بات امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ انہوں نے دوحا میں امریکی افواج کی آپریشنل کارروائیوں کے لیے میزبانی کرنے پر بھی قطر کاشکریہ ادا کیا۔

قطر میں قائم العدید فوجی اڈہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے بڑا اڈہ ہے۔ اس فوجی اڈے کو خطے میں ہونے والے متعدد فوجی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس فوجی فضائی اڈے پرامریکی سینڑل کمانڈ ہیڈ کواٹر، امریکی ایئرفورس سینٹرل کمانڈ ہیڈ کواٹر، برطانوی ایئرفورس کا اسکواڈرن نمبر83 اور امریکی فوج کے ایئربرون ونگ نمبر379 کا ہیڈ کواٹر بھی قائم ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر اور امیر قطر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکہ کے سیکریٹری خزانہ اسٹیون منوچن بھی موجود تھے۔ امریکہ کے صدر نے اس موقع پر تسلیم کیا کہ دوحا میں امریکی فوجی اڈے کی توسیع پر آٹھ ارب ڈالرز کی خطیر رقم خرچ ہوئی ہے لیکن شکر ہے کہ یہ کام ہوگیا ہے۔

امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بات چیت میں امریکہ کے صدر نے واضح کیا کہ دوحا کے فوجی اڈے کی توسیع میں ہمارا نہیں بلکہ آپ کا پیسہ خرچ ہوا ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آپ ہمارے ملک میں‌ بھاری سرمایہ کاری کرتے ہیں تو اس کے بدلے میں ہم آپ کے ساتھ بوئنگ طیاروں کی ڈیل سمیت دیگر بڑے سودے کریں گے۔


متعلقہ خبریں