پی آئی اے کا ایک اور طیارہ 1سال سے زائد عرصہ گراؤنڈ رہنے کے بعد اڑان کے لیے تیار

پی آئی اے کی خاتون افسر کا سینئر افسر پر جنسی ہراساں کا الزام

فوٹو: فائل


پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز (پی آئی اے) کا ایک اور ائر بس اے تھری ٹوئنٹی( A320) طیارہ  ایک سال سے زائد عرصہ گراؤنڈ رہنے کے بعد اڑان کے قابل ہو گیاہے۔  طیارہ کسی دوسرے طیارے سے پرزہ جات نکالے بغیر مکمل طور پر مقامی وسائل سے قابل استعمال حالت میں لایا گیاہے۔

ترجمان پی آئی کے مطابق طیارہ گزشتہ سال مئی سے ناکارہ حالت میں بے توجہی کا شکار تھا۔سی ای او ائر مارشل ارشد ملک نے گزشتہ سال نومبر میں چارج سنبھالنے کے بعد تمام گراؤنڈڈ طیاروں کو قابل اڑان بنانے کے احکامات جاری کئے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک بوئنگ 777 طیارہ بھی ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گراؤنڈ رہنے کے بعد گزشتہ ماہ درست حالت میں کر دیا گیاتھا۔

پی آئی اے نے اس سلسلے میں حکومت سے مالی مدد کی درخواست بھی کی تھی جس پر حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ عملدرآمد نہیں کیا گیا اور مشکل حالات کے باوجود پی آئی اے نے اپنے وسائل کا موثر استعمال کیا ۔

دو طیاروں کی بروقت بحالی کے بعد پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہو گئی ہے۔حج آپریشن بغیر کسی کرائے کے طیارے کے مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے طیاروں سے کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سی ای او ائر مارشل ارشد ملک نے طیارے کی بحالی ممکن بنانے پر پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اور بالخصوص انجینئرنگ ، فلائٹ آپریشن، فنانس اور سپلائی چین مینیجمنٹ کے شعبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انکے لئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

پی آئی اے ترجمان نے کہاہے کہ ائر بس  بی ایل وی کی بحالی کے بعد اب پی آئی اے کا کوئی طیارہ ماسوائے معمول کی چیکنگ کے گراؤنڈ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے:پی آئی اے کے چار خراب طیارے اڑان بھرنے کے لیے تیار


متعلقہ خبریں