سرکاری دورے:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور طلال چودھری آمنے سامنے


معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان نےکہا ہے کہ سابق حکمرانوں کےغیرملکی دورے مال مفت دل بے رحم کے مصداق ہیں۔ اپنی چونی خرچ نہ کرنے والوں نے قوم کے سرمائے سے کروڑوں روپے بطور ٹپ دیے، اب روئیں ناں حساب دیئے بغیر جان نہیں چھوٹنے والی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ غریبوں کے مال پر سیرسپاٹے کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔ لٹیرے ِٹپ میں قوم کا مال نہ دیتے تو آج قوم غربت سے ہلکان نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمران قوم کے مال پر بادشاہ بنے پھرتے تھے،آج اس لوٹ مار کو بے شرمی سے استحقاق قرار دیتے ہیں۔ گاڑیاں سرکاری اوربیرون ملک ذاتی دورے بھی قوم کی جیب سے کئے گئے۔ آج حساب کی باری آئی تو رونا دھونا ختم نہیں ہورہا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فردوس باجی چور وہ ہوتے ہیں جو سرکاری پیسوں پہ بھیک مانگتے ہیں۔ تمام حکومتی ریکارڈ آپ کے پاس ہیں ، تقریریں نہ کریں ، ٹویٹ نہ کریں ، جو غیر قانونی کیا ہے کارروائی کریں۔

طلال چودھری نے کہا توفیق کی بات ہے کوئی وزیرعظم بن کے بھی مُنشی ہے اور کوئی ملک کی تقدیر بدل گیا ، فرق صرف سیلیکٹڈ اور منتخب کا ہے۔ نوازشریف نے بھیک ماننے کے لئے دورے نہیں کئے ، سرمایہ کاری کے لئے کئے اور ہر دورہ قانون اور اختیار کے مطابق کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ہر دورے سے کتنی سرمایہ کاری آئی ذرا منشی عمران نیازی سے پوچھ کے بتا دیں،ذرا منشی عمران نیازی پوچھ کے بتا دیں کہ 10 ماہ میں بھیک مانگنے میں کتنا سرکاری خرچ ہوا ہے اور کتنا بھیک اکھٹا ہوا ہے؟

یہ بھی پڑھیے: سب سے سستا دورہ امریکا عمران خان کریں گے، شفقت محمود


متعلقہ خبریں