مسلم لیگ ن کے بارہ، تیرہ سینیٹرز اپوزیشن کو ووٹ نہیں دیں گے، فیصل جاوید

فیصل جاوید فرد جرم

حکومت کی طرف سے  چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی حمایت کے لئے اپوزیشن ارکان سے رابطے جاری ہیں۔ سینیٹرفیصل جاوید کے مسلم لیگ ن کے سینیٹرز سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔

سینیٹرفیصل جاوید نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں  یہ دعویٰ کیاہے کہ  مسلم لیگ ن کے بارہ سے تیرہ سینیٹرز اپوزیشن کو ووٹ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ تحریک عدم اعتماد واپس لے ورنہ انہیں بہت بڑا نقصان ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹرز بھی ان کے ایم پی ایز کی طرح متنفر ہو رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کےکچھ اراکین آزاد حیثیت رکھتےہیں،ایوان میں آزاد اراکین پر مخالف امیدوارکو ووٹ دینے کی قد غن نہیں ہے۔ اپوزیشن کے باقی اراکین بھی اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدلی پرٹی ٹونٹی میچ شروع ہو رہا ہے، ابھی یہ عدم اعتماد لا رہے ہیں بعد میں ہم لائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی رکن پارٹی لائن سے منحرف ہو یہ ممکن نہیں ہے۔

اپوزیشن کیجانب سے چئیرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیےسینیٹ سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائے جانے کے بعد چئیرمین سینیٹ  متحرک ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے آج فاٹا اور مختلف جماعتوں کے سینیٹرز سے ملاقات بھی کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر مرزا محمد آفریدی،سجاد طوری، مومن خان، اورنگزیب خان، سینیٹر ہدایت اللہ،سینیٹر کہدہ بابر، فدا خان، تاج آفریدی اور میاں عتیق شیخ  شامل تھے۔

ان تمام سینیٹرز کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات  انہی کے چیمبر میں ہوئی ہے۔ ملاقات کرنے والے تمام سینیٹرز نے  چئیرمین سینیٹ کو اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی قرارداد کے خلاف مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: تحریک عدم اعتماد: چیئرمین سینیٹ کی مختلف جماعتوں کے سینیٹرز سے ملاقاتیں


متعلقہ خبریں