ٹرین حادثہ :لاہور سے کراچی آنے اور جانیوالی ریل گاڑیوں کا نظام درہم برہم


لاہور:  رحیم یار خان کے قریب ایک اور ٹرین حادثے نے پہلے سے تاخیر کا شکارٹرینوں کے  شیڈول کو مزید متاثر کردیاہے۔ لاہور سے کراچی جانے اور آنیوالی ریل گاڑیوں کا نظام درہم برہم ہوگیاہے۔

کراچی سے آنیوالی شالیمار ایکسپریس 9 گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچی ہے۔  شاہ حسین 6 گھنٹے بیس منٹ، قراقرم 5 گھنٹے چالیس منٹ تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

اسی طرح  عوام ایکسپریس 3 گھنٹے چالیس منٹ، خیبر میل ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ،  فرید ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے بیس منٹ تاخیر کا شکارہوئیں۔

پاک بزنس ایکسپریس 3 گھنٹے، گرین لائن 2 گھنٹے 30 منٹ تاخیر کا شکارہوئیں جبکہ کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس دو گھنٹے، اکبر ایکسپریس 1 گھنٹہ تاخیر کا شکارہوئی۔ کراچی ایکسپریس 1 گھنٹہ، تیز گام ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے لاہور پہنچی ہیں۔

رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے ولہار میں  ٹرین حادثے کے بعد شیڈول مزید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔

لاہور کے ریلوے یارڈ لائن میں ڈی ریلمنٹ کا ایک اور واقعہ پیش آیاہے۔ یارڈ لائن میں شینٹنگ کے دوران پسنجر ٹرین کہ بوگی پٹڑی سے اتر گئی ہےجس کے باعث یارڈ لائن سے اسٹیشن کا راستہ بند ہو گیا۔

ٹریک بند ہونے کے باعث بھارت جانے والی سمجھوتہ ایکسپریس کی 10 مال بردار کوچز یارڈ لائن میں پھنس گئیں۔ مال بردار بوگیاں پھنسنے سے سمجھوتہ ایکسپریس تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس 8 بجے لاہور سے بھارت کے لیے روانہ ہوتی ہے،تاحال سمجھوتہ ایکسپریس کی مال بردار کوچز یارڈ لائن سے نہ نکل سکیں۔11 بجے کے بعد واہگہ اسٹیشن سے سمجھوتہ ایکسپریس کو بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا۔

واضح رہے کہ آج علی الصبح رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقہ  ولہار ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 17افرادجاں بحق اور 80سے زائد  مسافر زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ صبح لگ بھگ سوا چار بجے  اسوقت پیش آیا جب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کے عقب سے ٹکرائی۔ اکبر ایکسپریس کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں ،11افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں ایک مسافر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا۔ ریسکیوذرائع نے بعد میں 5لاشیں ملبے سے نکالیں۔

یہ بھی پڑھیے: رحیم یار خان:مسافر ٹرین مال گاڑی سے جا ٹکرائی، 11 افرادجاں بحق


متعلقہ خبریں