ہشیار: لاہور میں پیر سے نان 20 اور روٹی 15 روپے کی ملے گی

ہشیار: لاہور میں پیر سے نان 20 اور روٹی 15 روپے کی ملے گی

لاہور/اسلام آباد: آٹا، دودھ، چینی، گھی، تیل، دالیں، چاول، گرم مصالحہ جات، بیکری اشیا، صابن، واشنگ پاؤڈرز، مشروبات اور دیگر اشیائے  خورو نوش کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے کے بعد لاہور کے نان بائیوں نے نان اور روٹی کے نرخوں میں بھی اچانک کئی گنا اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منرل واٹر فراہم کرنے والی کمپنی نے فی بوتل 25 روپے کا اضافہ کردیا ہے۔

پشاور میں نانبائیوں کی ہڑتال: کراچی کے تاجر 13 جولائی کو کریں گے

ہم نیوز کے لاہور بیورو کے مطابق نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ پیر سے نان 20 روپے اور روٹی 15 روپے فی کس میں فروخت کی جائے گی۔

لاہور میں نان فی الوقت 12 روپے اور روٹی چھ روپے فی کس کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق آفتاب گل کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں ہونے والے اضافے اور بجلی و گیس کی نرخ بڑھنے کی وجہ سے ہم نے انتظامیہ کو بتادیا ہے کہ موجودہ قیمت پر نان اور روٹی فروخت کرنا ہمارے بس میں نہیں ہے جس کی وجہ سے مجبوراً قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے ہم نیوز کو بتایا کہ شہری انتظامیہ نے اس ضمن میں فیصلہ کرنے کے لیے تین دن کی مہلت مانگی ہے جو ہم نے دے دی ہے لیکن یہ طے ہے کہ ہم آئندہ پیر سے ہر قیمت پر نان اور روٹی نئے نرخوں پر فروخت کریں گے۔

کراچی: ملک ہول سیلرز ایسوسی ایشن کا 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان

ایک سوال پرآفتاب گل نے کہا کہ بجلی و گیس کے نرخوں میں حکومت نے پہلے ہوشربا اضافہ کردیا تھا اب آٹے پر بھی جی ایس ٹی نافذ کرکے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ موجودہ دور میں مہنگائی بہت زیادہ بڑھی ہے جوناقابل برداشت ہے۔

پشاور میں نانبائیوں نے نان اور روٹی کے نرخوں میں اضافے کے مطالبے کو منوانے کے لیے آج (بروز جمعرات) ہڑتال کر رکھی ہے جب کہ کراچی کے چھوٹے تاجروں نے 13 جولائی کو ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

اسلام آباد میں منرل واٹر فراہم کرنے والی ایک بڑی کمپنی نے گھروں میں دی جانے والی اپنی 18 لیٹر کی بوتل پر 25 روپے فی کس کا اضافہ کردیا ہے۔ اس سے قبل کمپنی دس روپے فی بوتل کا اضافہ کیا کرتی تھی لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ فی بوتل 25 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کمپنی نے قیمتوں میں ہونے والے اضافے کی بڑی وجہ بجلی و گیس کے نرخوں میں ہونے والے اضافے کو قرار دیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آن لائن صاف ستھرا اور ملاوٹ سے پاک دودھ فروخت کرنے کی دعویدار کمپنیوں نے بھی اپنے نرخ بڑھادیے ہیں جس کی وجہ سے اب شہر میں دودھ 120 سے 130 روپے فی لیٹر تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں جہاں پانی کی فراہمی حقیقتاً ایک مسئلہ ہے وہاں نجی واٹر ٹینکر مالکان نے بھی اپنے نرخ بڑھا دیے ہیں اور گرمی کا ’فائدہ‘ اٹھاتے ہوئے صارفین کو سیکٹر جی-13 میں 1500 روپے سے لے کر 2200 روپے تک میں ٹینکر فروخت کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں