یک طرفہ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست، انگلینڈ فائنل میں

یک طرفہ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست، انگلینڈ فائنل میں

برمنگھم: عالمی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے باآسانی آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

اننگز کے آغاز انگلش گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور محض 14 رنز پر تین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا۔

آسٹریلیا کا ان فارم ٹاپ آرڈر گیند بازوں کے آگے بے بس دکھائی دیا۔ ڈیوڈ وارنر نو، ہینڈسکومب چار جبکہ کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری کے درمیان شاندار 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے آسٹریلیا کی لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھالا۔

تاہم کیری کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر کنگروز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے: سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ہرا کر نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

اسٹونس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ گلین میکسویل بھی صرف 22 رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ پیٹ کمنز کی شکل میں گری جنہوں نے 6 رنز بنائے اور اس وقت آسٹریلیا کے سات کھلاڑی 166 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوچکے تھے۔

اس موقع پر مچل اسٹارک اور اسٹیو اسمتھ کے درمیان 51 رنز کی شراکت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ آسٹریلیا اس اہم میچ میں 200 رنز کا ہندسہ عبور کرلے۔

مچل اسٹارک 29 رنز بناکر کرس ووکس کا شکار بنے۔ آسٹریلیا کے بقیہ بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 49 اوورز میں 223 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ اسٹیو اسمتھ نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے تین، جوفرا آرچر نے دو، عادل راشد نے تین جبکہ مارک وڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ان فارم سلامی جوڑی جونی بیئرسٹو اور جیسن روئے نے ٹیم کو 124 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

34 کے انفرادی اسکور پر بیئرسٹو جبکہ 85 رنز بناکر جیسن روئے پویلین لوٹ گئے تاہم اس وقت تک انگلینڈ کی میچ میں فتح تقریباً طے تھی۔

بعدازاں جو روٹ نے 49 جبکہ کپتان اوئن مورگن نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور میچ میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار گیند بازی پر کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان فائنل اتوار کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا جائے گا۔ دونوں ہی ٹیمیں کبھی بھی ورلڈ کپ نہیں جیت پائیں جس کا مطلب ہے کہ اس مرتبہ ایک نیا چیمپئن سامنے آئے گا۔


متعلقہ خبریں