عالمی برادری بھارت کو نہتے کشمیریوں پر مظالم سے روکے، پاکستان

ہم نے ہر میدان میں بھارت کو شکست دی، ترجمان دفتر خارجہ

فوٹو: ہم نیوز


ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان، اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کی دوسری رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہے،رپورٹ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مفصل ثبوت ہے۔ پاکستان  مطالبہ  کرتاہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام آبادہفتہ وار بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ بربریت جاری ہے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید ایک کشمیری شہید ہواہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ کرتار پور راہداری کے حوالے سے پر 14 جولائی کو مذاکرات ہونگے،اس حوالے سے مزید تفصیل وہاں پر دیں گے،پاکستان نےاپنے حصے کا 80فیصد کام مکمل کرلیا، بھارت نے کتنا کیا ابھی نہیں معلوم۔ اس حوالے سے ہونے والے معاہدے کی تفصیل ابھی سامنے نہیں لائی جاسکتی۔

انہوں  نے کہا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے دوحا میں مذاکرات جاری ہیں، پاکستان اس میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دورہ روس کے حوالے سےمیڈیا رپورٹس دیکھی ہیں،وزیراعظم کے دورہ روس کے حوالے سے خبر ابھی قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔ وزیراعظم کا روس کا دورہ ہوا تو مناسب وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کے حوالے سے مکمل عمل درآمد کررہا ہے،کسی شمالی کوریا کے شہری کو پاکستانی ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھاکہ امریکی صدر کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی کو واشنگٹن جائیں گے۔  انکے امریکی دورے کے حوالے سے تمام تفصیل دی جاچکی ہے،وہاں رکنے کے حوالے سے وزیراعظم خود بیان دے چکے ہیں۔

کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کیس میں سترہ جولائی کو فیصلہ آئے گا،ہم نے تیاری اچھی کی تھی اور اچھا کیس لڑا،ہمارا گمان اچھا ہے، ہماری کوشش اچھی ہے، سترہ جولائی کو ہی اس کیس پر کمنٹ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورۂ امریکہ  کی تصدیق کر دی


متعلقہ خبریں