مرید عباس کا قتل، عاطف زمان کے خلاف دوسرا مقدمہ درج

مرید عباس قتل، ملزم عاطف کی ڈائری سے اہم ریکارڈ حاصل

فوٹو: فائل


کراچی: ٹی وی اینکر مرید عباس کو قتل کرنے والے ملزم عاطف زمان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان کے خلاف مقدمہ نمبر 385/2019 سرکار کی مدعیت میں درخشاں پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے جس میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل ہیں۔

دوسری جانب مرید عباس اور ان کے ساتھ خضر حیات کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی ٹیم نے ٹائر کا کاروبار کرنے والوں کی فہرست مرتب کرنا اور ان سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق کیس کی تحقیقات کے لیے 20 سے زائد مرکزی سرمایہ کاروں کے بیانات لیے جائیں گے جس میں تفتیشی ٹیم نے تفصیلات جاننے کے لیے آج بھی کچھ افراد کو طلب کیا۔

تفتیشی ٹیم نے ٹائر کے کاروبار میں سرمایہ کاری کا طریقہ کار، مجموعی رقم، منافع کے ادائیگی کا طریقہ اور بزنس پارٹنرز کو ماہانہ بنیاد پر ادائیگی کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا ہے۔

اس سے قبل مرید عباس کے قتل کا پہلا مقدمہ مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں ہی درج کیا گیا تھا جبکہ پولیس قتل کے عینی شاہد عمر ریحان کا بھی بیان ریکارڈ کر چکی ہے۔

مرید عباس کو منگل کے روز کراچی میں لین دین کے معاملے پر عاطف زمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق دوہرے قتل کی واردات میں عاطف زمان کا بھائی عدنان بھی ملوث ہے جو واقعہ کی سی سی ٹی وی میں عدنان کے ساتھ نظر آ رہا ہے۔ عدنان زمان مذکورہ واقعہ کے بعد سے غائب ہے جس کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔


متعلقہ خبریں