طب کی تعلیم کو دور جدید سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت نے طب کی تعلیم کو دور جدید سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے طب کے شعبے میں جدت لانے کے لیے 9 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ جس میں میڈیکل یونیورسٹیز کے پرنسپلز اور اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے افسران شامل ہیں۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمود شوکت کو کمیٹی کا کنونیر منتخب کیا گیا ہے اور یہ کمیٹی دنیا بھر میں میڈیکل کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ 25 اگست کو ہونگے

کمیٹی کے ذریعے میڈیکل کے شعبے میں آنے والی جدتوں سے میڈیکل کی تعلیم کو ہمکنار کیا جائے گا جبکہ کمیٹی دنیائے طب میں ہونے والی جدتوں کو میڈیکل کے نصاب کا حصہ بنانے کے حوالے سے تجاویز دے گی اور نئی بیماریاں اور نئے طریقہ علاج بھی سلیبس کا حصہ بنائے جائیں گے۔

بنائی گئی کمیٹی بیماریوں کی تشخیص کے لیے استعمال ہونے والی جدید مشینوں اور نئی آنے والی چیزوں کی خریداری کے لیے درخواست بھی کرے گی جبکہ کمیٹی ایک ہفتے میں میڈیکل تعلیم میں جدت اور نئی پیش رفت پر اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

گزشتہ ماہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں  داخلے کیلئے پالیسی بھی تبدیل کر دی گئی جس کے بعد طلبہ کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ میں 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں