کراچی: پولیس موبائل میں ماڈل کے سیر سپاٹے، ویڈیو وائرل


کراچی: شہر قائد میں جرائم کی روک تھام کے لیے ملنے والی پولیس موبائلیں ماڈلز کی تفریح کے لیے استعمال ہونے لگیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق میٹھادر کی پولیس موبائل میں ماڈل علینہ کی نہ صرف شوٹنگ کی گئی بلکہ ماڈل کو سیر سپاٹے بھی کرائے گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ماڈل پولیس موبائل کی پچھلی نشست پر موجود ہیں اور ویڈیو بنا رہی ہیں۔

پولیس موبائل میں ماڈل کی موجودگی کے دوران ہوٹرز بھی بجائے گئے اور علینہ کو مکمل طور پر تفریح فراہم کی گئی۔

ماڈل علینہ نے اپنی ایک ویڈیو میں تھانہ کی خاتون ایس ایچ او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت بہادر ہیں اور کسی سے بھی نہیں ڈرتیں۔

ماڈل نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار پولیس موبائل میں سفر کیا جس میں انہیں بہت مزا آیا۔ ماڈل علینہ نے پولیس موبائل پر لٹک کر بھی اپنی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

ایس پی سمیر چنا نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ حالیہ دنوں کا ہی ہے تاہم اس کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی کھارادر کی ذمہ داری لگائی گئی ہے جو مکمل رپورٹ تیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس موبائل کا اس طرح سے استعمال غیر قانونی ہے اور ماڈل کی تفریح کے لیے پولیس موبائل جس نے بھی دی اس نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔


متعلقہ خبریں