رحیم یارخان ٹرین حادثہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی


رحیم یارخان: صادق آباد کے علاقہ ولہار ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں  جاں بحق افراد کی تعداد22 ہوگئی ہے۔ حادثےکا ایک اور زخمی اسپتال میں چل بسا۔  مسافر ٹرین اکبر بگٹی ایکسپریس کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرانے کی وجہ سے 83 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کے عقب سے ٹکرائی۔ اکبر ایکسپریس کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں  دیگر سات بوگیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد 15افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں جبکہ ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج  گزشتہ روز ہی چل بسا تھا۔ریسکیوذرائع کا کہناہے کہ 5مزید لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ صبح لگ بھگ سوا چار بجے  اسوقت پیش آیا جب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔

ترجمان پولیس کے مطابق حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ ٹریفک پولیس اور پولیس کے دیگر ونگز نے بھی اپنے فرائض سرانجام د یے۔ ڈی پی او عمر سلامت، ڈی سی جمیل احمد جمیل بھی جائے حادثہ   پر آگئے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں سے ایمبولینسسز جائے حادثہ پہنچ گئیں  ۔ ٹرین حادثہ میں زخمیوں کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کردیا گیا۔70 زخمی تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال صادق آباد جبکہ 13 کو شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا۔

پاک فوج ، پولیس، ریسکیو ،مقامی افراد و دیگر اداروں نے  امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال صادق آباداور شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ ڈی پی او عمر سلامت کی جانب سے زخمیوں کی جانیں بچانے کے لیے عوام الناس سے خون عطیات دینے کی اپیل کی گئی ۔

ریلوے ٹریفک کو ریلوے حکام کنٹرول کرتے ہوئے حادثہ کا شکار اکبر ایکسپریس کے مسافروں کیلئے متبادل انتظام کیا گیا، مسافروں کو بزنس ایکسپریس کے ذریعے روہڑی کیلئے روانہ کردیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیاہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ حادثے کا شکار خاندانوں سے اظہار ہمدری کرتاہوں اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ہدایت کردی ہے کہ دہائیوں سےغفلت کاشکار ریلوے انفرااسٹکچرکی دیکھ بھال اور بہتری کےلیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مسافروں کی جان ومال محفوظ بنایا جاسکے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے  ٹرین حادثے اور قیمتی جانوں کی ہلاکتوں پراظہار افسوس کیاہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے  کہ حادثہ بظاہر انسانی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے۔ اعلیٰ ترین سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ میڈیا پر چلنے والے حادثےکے مناظر کافی دل خراش ہیں۔ دل بہت افسردہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آٹھ سے نو مسافروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔حادثے کا جائزہ لے رہا ہوں؛ ریلوے حکام کو ریلیف اور ریسکیو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔اپنا تفصیلی بیان کچھ دیر بعد جاری کرونگا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر ریلوے شیخ رشید کے موجودہ دور میں 71 ٹرین حادثے ہوئے


متعلقہ خبریں