چھوٹے دکانداروں کے لئے فکس ٹیکس کی اسکیم لانے کے لئے تیار ہیں ،شبر زیدی



چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) شبرزیدی نے  کہاہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لئے فکس ٹیکس کی اسکیم لانے کے لئے تیار ہیں ،زیرو ریٹنگ پر سیلزٹیکس 10سال بعد واپس آرہاہے، شناختی کارڈ کا مسئلہ ختم ہوچکاہےاس معاملے پرغلط فہمیاں زیادہ پیدا کی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ فیصل آباد کے چیمبر کے افراد سے بات چیت ہو رہی ہے۔اییپٹما کی خواہش ہے کہ یان پر ان کو لیول پلینگ فیلڈ دی جائے۔تبدیلی صرف ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے لائی گئی ہے ،ٹیکسٹائل انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اسی طرح موبائل کی امپورٹ پر کراچی میں تاجروں سے بات ہوئی ہے، وہ کہتے ہیں کہ صرف 400روپے لیکر بند موبائل فون آن کردیں ۔ ہمارا کسی سے کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ افراد شناختی کارڈ کا بہانہ بنا کر اپنا مفاد لینا چاہتے ہیں۔ایکسپورٹ پر زیرو ریٹنگ کےمعاملے پر گفت و شنید ہو رہی ہے۔ کل سے پریس میں آٹے، سوجی اور میدے پر ٹیکس کی خبریں آئی ہیں یہ خبریں بھی سراسر غلط ہیں۔روٹی کی قیمت سے متعلق پرائس کنٹرول والوں سے بات کریں۔

شبرزیدی نے کہا کہ آٹے اور میدے وغیرہ پر کسی قسم کا ٹیکس نہیں لگایا گیااور نہ ہی کھانے کی کسی شئے پر ٹیکس لگایاہے۔ آٹے اور روٹی کی قیمت میں اضافے جیسی کوئی بات نہیں ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ  سیلز ٹیکس وصول کرنے کا اختیار صرف انہی سے ہیں جو رجسٹرڈ ہیں اور ان کی تعداد 47 ہزار ہے۔ اگر کہیں کوئی غلط کام ہو رہا ہے وہ ہمیں بتادیں۔ اگر کوئی گلی محلے میں دکاندار کو سیلز ٹیکس کے معاملے پر غلط بیانی کی جا رہی ہےتو ہمارے نوٹس میں لایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں انجمن تاجران بنی ہوئی ہیں۔ انجمن تاجران پاکستان کے جو نمائندے ہیں وہ اکھٹے ہوکر ہمارے پاس آئیں ہم بات چیت کرسکتے ہیں ،ٹیکس کے نام پر غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور: ہڑتالوں کا موسم آگیا؟فلور ملز مالکان نے بھی اجلاس طلب کرلیا

 


متعلقہ خبریں